سندھ اسمبلی : اسلام آباد میں دھرنوں عمران طاہر القادری کے نازیبا الفاظ کیخلاف متفقہ قرارداد

کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) سندھ اسمبلی نے اسلام آباد میں دھرنوں، عمران خان اور طاہرالقادری کی جانب سے نازیبا الفاظ کیخلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم نے قرارداد کی حمایت کی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کی رکن سورٹھ تھیبو نے پیش کی جس پر ایم کیو ایم کے ارکان نے بھی دستخط کئے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد میں جاری دھرنے قومی معیشت کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ غیرقانونی دھرنوں کے ذریعے جمہوریت کیخلاف سازش کی جا رہی ہے۔ طاہرالقادری اور عمران خان نے وزیراعظم سمیت قومی رہنمائوں کیخلاف بدزبانی کی ایوان مذمت کرتا ہے۔ اس موقع پر ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کا دھرنوں سے متعلق کردار مثالی ہے، تمام فریقین الطاف حسین کے کچھ دو، کچھ لو کے فارمولے پر عمل کریں۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحریک کے 14 کارکنوں کی ہلاکت کی ایف آئی آر کے مطالبے کی حمایت کرتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سکندر شورو نے کہا کہ عمران خان کی فطرت ہے کہ اپنی غلطی پر دوسروں کو کوستے ہیں، عمران خان خود وائیڈ بال کر کے گالی وکٹ کیپرکو دیتے تھے، وہ اپنی وائیڈ بال پر وکٹ کیپر وسیم باری کو برا بھلا کہتے تھے۔ قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ طاہرالقادری اور عمران نے وزیراعظم سمیت قومی رہنمائوں کیخلاف بری زبان استعمال کی ہے۔ سندھ اسمبلی طاہرالقادری اور عمران خان کے لب و لہجے کی مذمت کرتی ہے جبکہ ایم کیو ایم کے ارکان کا کہنا تھا کہ ہم قرارداد کے کچھ نکات کی حمایت کرتے ہیں اور کچھ کی مخالفت کرتے ہیں۔ ایم کیو ایم نے پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے نکات کی حمایت کی۔ صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ دھرنوں سے نہ حکومتیں جانی چاہئیں اور نہ وزیراعظم مستعفی ہو سکتے ہیں۔ کنٹینر لیڈرز منہ پر رومال باندھ کر عوام میں جاتے ہیں۔ اسلام آباد کو دھرنے والوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے عمران کی سیاست تضادات کا شکار ہے جبکہ فنکشنل لیگ کے رکن امتیاز شیخ کا کہنا تھا کہ دھرنے والوں نے احتجاج ریکارڈ کرالیا، اب دھرنے ختم کئے جائیں۔ پیپلزپارٹی کے تیمور تالپور نے کہا کہ 5 ہزار افراد کے ذریعے منتخب حکومتوں کو ہٹانا کون سا انقلاب ہے۔ یہ لوگ تبدیلی نہیں لا سکتے، ایم کیو ایم کے رکن اسمبلی خواجہ اظہار الحسن نے کہاکہ متحدہ دھرنا دینے والوں اور حکومت کے درمیان پل کا کردار ادا کر رہی ہے ہم جمہوریت کو کبھی ڈی ریل نہیں ہونے دینگے۔
سندھ اسمبلی/ قرارداد

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...