اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ/آئی این پی/اے پی پی) وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارت کے پکڑے گئے جاسوس کی تمام تفصیلات دنیا کو فراہم کیں۔ بہادر علی کے نام کے سینکڑوں لوگ پاکستان سے بھارت اور کشمیر جاتے ہیں۔ سشما سوراج نے جس بہادر علی کا ذکر کیا اس کے خلاف کوئی ثبوت یا چارج شیٹ سامنے نہیں آئی۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں تو بھارت کا ایجنٹ کل بھوشن یادیو پکڑا گیا، بھارت نے جو پالیسی اختیار کی اس نے بھارت کو تنہا کر دیا۔ جب 5 دہائیوں پر مشتمل سندھ طاس معاہدہ توڑا جائیگا تو پھر کون سا ملک بھارت پر اعتبار کریگا۔ لگتا ہے کہ مودی سرکار اپنی کارکردگی سے مایوس ہے۔ اپنے دور اقتدار میں عوام کی کوئی خدمت نہیں کر سکے۔ اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے انتہاپسند گروپوں کو اپنے ساتھ ملانا چاہتی ہے۔ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کر رکھی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات پرویز رشید نے کہا ہے کہ پاکستان میں اطلاعات تک رسائی کا قانون سب سے پہلے مسلم لیگ ن کی حکومت میں بنا، اس کے بعد قانون کا مسودہ سینٹ نے تیار کیا، مسودے کو صرف قانونی زبان میں تبدیل کیا گیا، روح قائم رکھی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات و قومی ورثہ سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ بھارت نے جو مو جودہ پالیسی اختیار کر رکھی ہے اس نے بھارت کو دنیا بھر میں اخلاقی طور پر تنہا کر دیا ہے، جو ملک خود ہی اپنے آپ کو تنہا کیے جا رہا ہے وہ کسی سے کیا جنگ لڑے گا اور کوئی دوسرا ملک اس کی حمایت کیسے کرے گا، جب بھارت پانچ دہائیاں قبل پاکستان سے کیا گیا پانی کا معاہدہ توڑے گا تو پھر کون سا ملک بھارت پر اعتبار کرے گا؟ہمسائیوں سے کئے گئے معاہدے بلاوجہ توڑنے والا کیسے نیوکلیئر سپلائر گروپ یا سلامتی کونسل کا رکن بن سکتا ہے،کیسے کوئی ملک ان کی حمایت کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی موجودہ حکومت مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کی آزادی کی پرامن تحریک کو طاقت کے بل بوتے پر دبانا چاہتی ہے،وہ نہرو اور گاندھی سے انتقام لے رہی ہے اور ان کے جمہوری ملک کو نقصان پہنچا رہی ہے۔
سشما نے جس بہادر علی کا ذکر کیا اس کیخلاف چارج شیٹ سامنے نہیں آئی : پرویز رشید
Sep 27, 2016