لاہور+مہمند ایجنسی (نیوز رپورٹر+آن لائن) بجلی کی بندش کا سلسلہ گزشتہ روز بھی جاری رہا جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جبکہ مہمند ایجنسی میں طویل لوڈشیڈنگ کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور سڑک بلاک کر دی۔ تفصیلات کے مطابق لوڈشیڈنگ گزشتہ روز بھی جاری رہی۔ لاہور میں بجلی کا خسارہ کم ہونے کے باوجود مختلف علاقوں میں طے شدہ شیڈول پر عملدرآمد نہ ہوا۔ 11 گھنٹے تک کی لوڈشیڈنگ ہونے سے بار بار شہری اذیت میں مبتلا رہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں میں پرائیویٹ سکولوں میں لوڈشیڈنگ سے بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا رہا۔ پرائیویٹ سکولز کے مالکان کا کہنا ہے کہ بجلی کی بار بارش بندش سے ہماری پریشانی بڑھ گئی ہے، حکومت اس حوالے سے فوری نوٹس لے۔ادھر مہمند ایجنسی میں لکی حلیم زئی کے علاقہ کے مکینوں نے لوڈشیڈنگ کیخلاف شدید احتجاج کیا اور رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹریفک بلاک کر دی۔ مظاہرین لوڈشیڈنگ کیخلاف نعرے بازی کرتے رہے۔