لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ بار ایسو سی ایشن کی کشمیر کمیٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور بنیادی انسانی حقوق کی پامالی کے حوالے سے دنیا کو بھارت کا اصل چہرہ دکھانے کیلئے پاکستانی سفارتخانوں کو ہدایت کی جائے کہ وہ بیرون ممالک وزرائ‘ ارکان پارلیمنٹ‘ میڈیا اور سو ل سوسائٹی کو اس بارے آگاہ کر کے رائے عامہ ہموار کرے۔ ان خیالات کااظہار لاہور ہائیکورٹ بار کے صدر رانا عبدالرحمن ضیاء ، سیکرٹری انس غازی نے لاہور ہائیکورٹ ایسو سی ایشن کی کشمیر کمیٹی کے چیئر مین خواجہ محمود احمد اور دیگر ارکان منظور گیلانی ،وسیم بٹ ،ڈاکٹر نرگس ناہید طارق ،آمنہ اجمل اور سردار نجیب اکبر خان کے ہمراہ لاہور ہائیکورٹ بار کے کراچی شہداء ہال میںایک مشرکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ہائیکورٹ بار کے صدر رانا عبدالرحمن ضیاء نے کہاکہ وزیراعظم نواز شریف نے جنرل اسمبلی سے اپنے خطاب میں بہتر انداز میں کشمیر کاز کو اجاگر کیا اور کشمیریوں کا مقدمہ پیش کیا تاہم اسکے لئے حکومت پاکستان اخلاقی‘ سفارتی و سیاسی سطح پر عملی اقدامات کرے اور بیرون ممالک سفارتخانوں کو کشمیر کاز کے لئے متحرک کیا جائے۔ وکلاء برادری کشمیری عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور ہائیکورٹ بار کے زیراہتمام جی پی او چوک سے پنجاب اسمبلی تک کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی جائے گی۔ ریلی کی تاریخ کا اعلان قیادت سے کریں گے۔ ہائیکورٹ بار کی کشمیر کمیٹی کے چیئرمین خواجہ محمود احمد نے کہا کہ بھارتی افواج نے مقبوضہ وادی میں انسانی بنیادی حقوق اور انسانیت کی دھجیاں بکھیر دیں‘ اقوام عالم نوٹس لے۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں وزریر اعظم کی طرف سے بھرپور طریقے سے کشمیریوں کا مقدمہ پیش کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
مقبوضہ کشمیر میں مظالم پر بھارت کا اصل چہرہ دنیا کو دکھانے کے لئے اقدامات کئے جائیں: لاہور ہائیکورٹ بار
Sep 27, 2016