مقبوضہ بیت المقدس + جینن + غزہ (اے این این)قابض اسرائیلی پولیس نے متعدد یہودی آبادکاروں کو اپنی حفاظت تلے مسجد اقصی میں داخلے کی اجازت دے دی۔ مقامی ذرائع کے مطابق فلسطینی نمازیوں نے یہودی آبادکاروں کو مسجد کے مرکزی دروازے سے اندر لائے جانے پر نعرے لگائے۔ آبادکاروں کی طرف سے مسجد اقصٰی میں اس طرح کی حرکات ایک عام معمول کی بات بن چکی ہے۔ جبکہ بیت المقدس کے کئی مسلم رہائشیوں کے مسجد اقصی داخلے پر اسرائیل کی جانب سے پابندی لگائی جا چکی ہے۔ دریں اثنا فلسطین میں اسیران کے حقوق کیلئے کام کرنے والے ادارے کلب برائے اسیران کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق اسرائیل کی ریمون جیل میں عمر قید کے تحت پابند سلاسل فلسطینی یاسر حمدونہ عارضہ قلب کے باعث انتقال کر گئے ہیں۔ ان کی شہادت صہیونی جیل انتظامیہ کی کھلم کھلا غفلت کا نتیجہ ہے۔ 40 سالہ یاسر حمدونہ ریمون جیل میں عمر قید کی سزا کے تحت گذشتہ 14 سال سے پابند سلاسل تھے جہاں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کے باوجود انہیں کسی قسم کی طبی امداد مہیا نہیں کی گئی۔ ادھر فلسطین کے عوامی اور سیاسی حلقوں کی جانب سے اسرائیلی حراستی مراکزمیں پابند سلاسل فلسطینی شہری یاسر حمدونہ کی شہادت کی ذمہ داری صہیونی ریاست پرعائد کرتے ہوئے حمدونہ کی موت کی عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔ فلسطینی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلسطینی وزارت امور اسیران اور قومی مذہبی اور سیاسی جماعتوں کی طرف سے جاری کردہ الگ الگ بیانات میں یاسر حمدونہ کی اسرائیلی حراستی مرکز ریمون میں شہادت کے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔