4 لاکھ برمی مسلمان کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گذارنے پر مجبور

Sep 27, 2017

کراچی(نیوز رپورٹر) برما کے مسلمانوں پر ظلم و ستم کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج ہے۔ کراچی میں بھی دینی جماعتوں نے برمی مسلمانوں کو تنہا چھوڑدینے پر احتجاج کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق الخدمت فائونڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور نے کہاہے کہ 4 لاکھ سے زائد برمی مسلمان پناہ گزین کیمپوں میں کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں ،الخدمت کا وفد کاکس بازار بنگلہ دیش میں پناہ گزین کیمپوں کا دورہ کر کے آیا ہے ،جہاں صورتحال انتہا ئی افسوس ناک ہے ،برمی مسلمانوں کو خوراک ،ادویات ،صاف پانی ودیگر ضروری اشیا کی ضرورت ہے ،الخدمت ان کی بھرپور مدد کر رہی ہے ،یہ بات انہوں نے فرینڈز آف الخدمت کے سیمینارسے بطور صدر سیمینا ر خطاب کر تے ہوئے کہی  ،سیمینار کے انعقاد کا مقصد روہنگیا مہاجرین کی حالیہ صورتحال کا جائزہ لینا اور ان کی ضروریات کے پیشِ نظر امدادی سرگرمیوں کی منصوبہ بندی کرنا تھا۔اس موقع پر سینئر نائب صدر سید احسان اللہ وقاص،سیکر یٹری جنرل ڈاکٹر مشتاق احمد مانگٹ، میجر(ر)رفیق حسرت سمیت دیگر معاون سماجی تنظیموں کے ذمہ داران موجو دتھے۔ امیر جماعت غرباء اہلحدیث مولانا عبد الرحمن سلفی نے کہا ہے کہ میانمار میں رونگیا مسلمان خواتین کے ساتھ برما کے فوجیوں کے جنسی تشدد و زیادتیوں کی تصدیق اقوام متحدہ کے ڈاکٹروں نے بھی کردی ہے جس پر اقوام متحدہ و دیگر انسانی حقوق کے اداروں کو فوری نوٹس لینا چاہئے اور وہاں مسلمانوں کی نسل کشی‘ ظلم و بربریت کے خلاف سخت و فوری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کیجانب سے تاحال ان مظالم کے خلاف مجرمانہ خاموشی مسلمانوں کے ساتھ امتیازی سلوک ہے جس کے خاتمہ کے لئے اسلامی ممالک کو آواز بلند کرنی چاہئے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں حافظ محمد سلفی‘مفتی انس مدنی‘ حشمت اللہ صدیقی‘ عمران احمد سلفی‘فیصل سلفی و دیگر بھی موجود تھے۔ تحریک اہل حدیث پاکستان کی مجلس شوریٰ کااجلاس پروفیسر محمد یونس صدیقی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں تحریک کے چیئرمین علامہ عبد اللہ غازی ڈاکٹر شیخ خلیل الرحمن لکھوی‘ مولانا شریف خضاروی‘ مولانا مفتی فاروق احمد قصوری قاری ہدایت اللہ میرانی اوردیگر اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس میں روہنگیا مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔

مزیدخبریں