”لاہورمیں بڑھتے آلودگی کے بادل“

مکرمی! لاہور میں جگہ جگہ اورنج ٹرین منصوبہ کی تعمیر کی وجہ سے سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہیں جس کی وجہ سے دن بدن آلودگی بڑھتی جا رہی ہے۔خستہ حال سڑکوں سے اڑنے والے گردو غبار اور ساتھ ہی ساتھ دن بدن بڑھتی گاڑیوں کے دھواں سے فضا آلودہ ہو تی جا رہی ہے۔ اس آلودہ فضا میں سانس لینا دشوار ہو چکا ہے اور سانس کی بھی کئی بیماریاں پھیل رہی ہیں جسکا نتیجہ پچھلے سال لاہور میں چھائی سموگ کی صورت میں نظر آچکا ہے۔ اگر شہر میں آلودگی کی اس بڑی صورتحال کو کنٹرول نہ کیا گیا تو شہر میں گلوبل وارمنگ کے بڑھتے ہوئے خطرات کا سامنا کرنا پڑیگا۔ سڑکوں کو وسیع کرنے اور اورنج ٹرین کی تعمیر کی وجہ سے لاہور شہر کے برسوں پرانے درختوں کو کاٹا جا رہا ہے اور مصنوعی پودے لگائے جا رہے ہیں۔ بظاہر تو شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کر رہے ہیں مگر دوسری طرف بڑھتی ہوئی فضائی آلودگی کو کنٹرول کرنے میں ان کا کوئی کردار نہیں۔ لہذا متعلقہ ارباب اختیار سے اپیل ہے کہ اس بڑھتی ہوئی آلودگی کی خطرناک صورتحال کو کنٹرول کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرے اور مصنوعی درخت لگانے کی بجائے پرانے درخت جو آب و ہوا کو تروتازہ بنا رہے ہیں انکی حفاظت کرے۔

.(فرینہ خان، لاہور کالج برائے خواتین یونیورسٹی)

ای پیپر دی نیشن