جیکب آباد+ کراچی (سٹاف رپورٹر) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ سابق صدر پرویز مشرف کو ملک سے باہر ٹھنڈی ہواو¿ں میں بیٹھ کر وڈیو جاری کرکے شہید بینظیر اور شہید مرتضیٰ بھٹو کے قتل کا الزام آصف علی زرداری پر اور آصف علی زرداری کا پرویز مشرف پر الزام لگانا افسوس ناک عمل ہے، پرویز مشرف کے پاس بینظیر بھٹو قتل کے متعلق اگر کوئی ثبوت ہیں تووہ کمانڈو بھی رہ چکے ہیں اور ملک واپس آکر عدالتوں کا سامنا کریں اور ثبوت پیش کریں۔ ان خیالات اظہار انہوں نے جیکب آباد میں ن لیگ کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد اسلم ابڑو کی زیر میزبانی وزیر اعظم صحت کارڈ کی تقریب تقسیم سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا کہ، شہید بینظیر بھٹو ملک کی بڑی سیاسی لیڈر تھیں جن کے کروڑوں چاہنے والے تھے اور ہیں، شہید کو بیدردی سے قتل کردینا افسوس ناک عمل تھا اور قتل کے پیچھے کون تھا ان کا واضح ہونا بھی ضروری ہے۔کونسل آف پاکستان نیوز ایڈیٹرز کے دفتر کراچی میٹ دی ایڈیٹرز پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آزاد اور شفاف انتخابات ہماری اولین ترجیح ہے لیکن انتخابی نتائج کو ماننا بھی انتہائی اہم ہے، آئندہ انتخابات میں عوام کارکردگی اور اہلیت کی بنیاد پر ووٹ دیں گے۔ نواز شریف کی نا اہلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے کی مثال دنیا میں نہیں ملتی۔ حکومت سنبھالی تو ساری خرابیوں کو تبدریج درست کیا۔ امن و امان اور معاشی صورتحال اب بہت بہتر ہو چکی ہے۔ ماضی میں کراچی کے خراب حالات کو بہتر کرنے میں سیاسی خواہش کا فقدان تھا۔ مشرف دور میں لوگوں کو مارنے کا لائسنس ملا ہوا تھا۔ گورنر سندھ نے بتایا کہ 2013ءمیں پورے ملک میں امن و امان کی صورتحال بدترین تھی، حکومت نے سب سے پہلے امن کو بحال کیا، 2013ءجون کی نسبت کراچی کے حالات میں 90 فیصد بہتری آچکی ہے، دس منٹ میں بند ہونے والے شہر کو آج دس ماہ میں بھی بند نہیں کیا جا سکتا۔ آج نائن زیرو پر تالے لگ چکے ہیں۔ پاک چین اقتصادی راہداری پر گورنر سندھ نے بتایا کہ سی پیک پاکستان کی معاشی ترقی کا راستہ ہے، اس پر اعتراض کرنے والے ممالک کو بھی اس سے فائدہ ہوگا۔ قبل ازیں سی پی این ای کے سیکرٹری جنرل اعجازالحق نے گورنر سندھ محمد زبیر کی آمد پر ان کا خیرمقدم کیا۔ سی پی این ای سندھ کمیٹی کے چیئرمین عامر محمود نے گورنر سندھ کی توجہ ملک و قوم بالخصوص کراچی کو درپیش مسائل کی طرف مبذول کرائی۔ تقریب کے اختتام پر گورنر سندھ کو سی پی این ای کی جانب سے یادگاری شیلڈ اور اجرک پیش کی گئی۔ تقریب میںسینئر اراکین ڈاکٹر جبار خٹک، قاضی اسد عابد، طاہر نجمی، غلام نبی چانڈیو، مقصود یوسفی، امین یوسف، حامد حسین عابدی، فقیر منٹھار منگریو، عبدالخالق علی، فیصل زاہد ملک، بشیر چوہدری، مظفر اعجاز، عبدالرحمان منگریو، سلمان قریشی، بشیر احمد میمن اور زاہدہ عباسی سمیت کثیر تعداد میں ایڈیٹروں نے شرکت کی۔