لاہور (نمائندہ سپورٹس+سپورٹس رپورٹر) اسلام آباد ریجنل کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ کمیٹی اور ڈومیسٹک افئیرز کمیٹی کے سابق سربراہ شکیل شیخ کا کہنا ہے کہ پی سی بی ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی مکمل واپسی اور بحالی کے جامع منصوبے پر عمل کر رہا ہے۔ غیر ملکی کھلاڑیوں اور ٹیموں کو پاکستان آ کر کھیلنے کے لیے قائل کرنے میں پی ایس ایل فائنل نے اہم کردار ادا کیا اس سارے کام میں بورڈ کے موجودہ چئیرمین نجم سیٹھی کا کردار سب سے اہم ہے۔ انہوں نے یک نکاتی ایجنڈے پر عمل کرتے ہوئے کام کیا اور کامیابی حاصل کی۔ زمبابوے کے دورہ پاکستان سے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی کے شروع ہونیوالے سفر میں روان پی ایس ایل کے فائنل کے کامیاب انعقاد کے بعد دنیا کی سوچ تیزی سے بدلی اب عالمی الیون بھی پاکستان آ کر کھیل گئی ہے۔ یہ کامیابیاں پاکستان کرکٹ بورڈ کی کامیاب سفارتکاری کا نتیجہ ہیں۔ ورلڈ الیون میں انگلینڈ، جنوبی افریقہ آسٹریلیا اور کرکٹ کھیلنے والے دیگر ممالک کے کھلاڑیوں کی شمولیت دیگر بورڈز کے ساتھ ہمارے اچھے تعلقات کا ثبوت ہیں۔ اب سری لنکا اور نومبر میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم پاکستان کھیلنے آئے گی 2018 میں پاکستان سپر لیگ کے میچز کی میزبانی بھی کریں گے۔ آئندہ برس بھی کوشش رہے گی کہ غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان آ کر کھیلنے پر قائل کریں اور ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کا میلہ لگے۔پاکستان کرکٹ بورڈ ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو بلند اور بہتر کرنے پر بھی بہت توجہ دے رہا ہے۔ اس سلسلہ میں بڑے فیصلے کیے گئے ہیں۔ ڈومیسٹک کرکٹ کو بہتر بنانا ترجیحات میں شامل ہے۔ ہماری کوشش ہے کہ اسے مزید پرکشش اور سخت بنایا جائے۔ اس سطح پر معیاری کرکٹ سے ہم قومی ٹیم کے لیے اچھی کرکٹرز تیار کر سکتے ہیں۔