اسلام آباد (این این آئی) وزیر مملکت برائے توانائی عابد شیر علی نے کہا ہے کہ پانامہ کے نام پر تماشا کھڑا کرنے والے ملک کو انارکی کی طرف دھکیل رہے ہیں۔ احتساب عدالت کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انارکی کے خواہش مند کامیاب نہیں ہو گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ قانون اور آئین کی پاسداری کی بات کی۔ سابق وزیراعظم نوازشریف نے احتساب عدالت میں پیش ہو کر ثابت کر دیا کہ ہم عدلیہ کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کو شکست ہوگی اور انتشار پھیلانے اور نواز شریف اور ان کے بچوں کے لندن بھاگ جانے کے حوالے سے قیاس آرائیاں ختم ہونی چاہئیں۔ وفاقی وزیردانیال عزیز نے کہاہے کہ ہمیں سپریم کورٹ سے پتہ چلا کہ نیب وفات پاچکا ہے ٗ پلاٹ والا کیس دفن ہوگیا تھا لیکن اسے بھی نکال لیاگیا ٗجو کام ہیرے نہیں کرسکے، اب وہ مردے سے کرانا پڑا، ہمیں کہا جا رہا ہے کہ سپریم کورٹ کے کمنٹس کو ہیرا تسلیم کریں۔ عمران خان نااہلی کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے دانیال عزیز نے کہاکہ سپریم کورٹ جے آئی ٹی کے ممبر عرفان منگی کے بارے میں خود کہہ چکی ہے کہ کارروائی نہیں کرسکتے، ایک معزز جج نے ریمارکس دیئے کہ نیب وفات پا چکا ہے، پھر پتہ چلا کہ نیب پٹڑی پر چڑھ چکا ہے، آخر نیب کے مردہ ادارے کو کیوں جگانا پڑا؟
ثابت کر دیا عدلیہ کا احترام کرتے ہیں‘ ملک دشمنوں کو شکست ہو گی: مسلم لیگ ن
Sep 27, 2017