اسلام آباد( وقائع نگار خصوصی)خاتون اول بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا ہے کہ اخلاق ایک ایسی قدر ہے جس کے بغیر کوئی معاشرہ مکمل نہیں ہوسکتا اس کی خلاف ورزی سے معاشرے بد صورتی اور انتشار کا شکار ہو جاتے ہیں۔ دنیا کے بیشتر مسائل کا سبب بھی یہی ہے۔ خاتوں اول نے یہ بات ایوان صدر میں انجمنفیض الاسلام مندرہ کی طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں ادارے کی پرنسپل مسرت شفیق اوردیگراساتذہ بھی موجودتھیں۔بیگم محمودہ ممنون حسین نے کہا کہ بچیوں سے ملاقات کا مقصد یہ ہے کہ بزرگوں اور بچوں کے درمیان روابط کو فروغ ملے اور ان کے ذریعے کچھ اچھی باتیں اور وہ اقدار بچوں تک منتقل ہوسکیں گی جنھیں ہمارے بزرگوں نے ہم تک پہنچایا تاکہ ہم لوگ اچھے انسان اور اچھے مسلمان بن سکیں۔ انھوں نے کہا کہ اخلاق ایک ایسی قدر ہے جس کے بغیر انسانی معاشرہ بدصورتی کا شکارہو جاتا ہے اور دنیا میں رہنا مشکل ہو جاتا ہے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی تعلیمات بھی اخلاق پر مبنی تھیں۔خاتون اول نے کہا کہ اخلاق کا پہلا سبق ہم اپنے گھر سے سیکھتے ہیں یعنی بڑوں کا ادب، چھوٹوں سے شفقت اور پیار،حق دار کو اس کے حق کی ادائیگی ا ور کمزوروں کی مددوغیرہ۔ یہ ایسی باتیں ہیں جنھیں ہم سب جانتے ہیں اورہماری زندگی کا حصہ ہیں۔ا نھوں نے کہا کہ ہمیں اخلاق کے بارے میں قرآن کی ہدایت و فلسفہ اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے معمولات زندگی کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔خاتون اول نے کہا کہ عفو ودرگز کے کلچر کو پروان چڑھانے کی ضرورت ہے اور دین کی نظر میں اس کی بڑی اہمیت ہے۔
اخلاق ایسی قدر ہے جسکے بغیر معاشرہ تشکیل نہیں پاسکتا‘ بیگم محمودہ حسین
Sep 27, 2017