سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو قتل کیس میں عدالت نے پیپلزپارٹی کی فریق بننے کی درخواست منظور کرلی۔لاہور ہائی کورٹ کے راولپنڈی بینچ میں بے نظیر بھٹو قتل کیس میں سزا یافتہ پولیس افسران سابق ایس پی خرم شہزاد اور سابق سی پی او سعود عزیز کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔اس موقع پر عدالت نے پیپلز پارٹی کی جانب سے فریق بننے کی دائر درخواست منظور کرلی۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے وکیل لطیف کھوسہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔خیال رہے کہ راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 31 اگست کو بے نظیر بھٹو قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے 5 ملزمان کو بری، 2 کو سزا جب کہ سابق صدر پرویز مشرف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے ان کی جائیداد کی قرقی کا حکم دیا تھا۔عدالت کے فیصلے میں 5 گرفتار ملزمان رفاقت، حسنین، رشید احمد، شیر زمان اور اعتزاز شاہ کو بری کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔عدالت نے اپنے فیصلے میں سابق ایس پی خرم شہزاد اور سابق سی پی او سعود عزیز کو مجموعی طور پر 17، 17 سال قید کی سزا سنائی جبکہ دونوں کو پانچ، پانچ لاکھ روپے بھی جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔دوسری جانب سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے خاوند آصف علی زرداری نے 18 ستمبر کو انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کے خلاف وکیل لطیف کھوسہ کے توسط سے اپیل دائر کی تھی۔