حکومت نے پاکستان بھارت معاملات کو مس ہینڈل کیا: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان

Sep 27, 2018

لاہور (صباح نیوز) گلگت بلتستان کے وزیراعلی حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ موجودہ حکومت نے پاکستان بھارت کے جو معاملات کو بد قسمتی سے مس ہینڈل کیا ہے۔ بھارت میں بھی ایک جنونی وزیراعظم بیٹھا ہے جبکہ یہاں پر بھی ایک ایسا شخص بیٹھا ہے جو جھوٹے وعدے کر کے آیا ہے۔ بھارت جنگ کی بات اپنے مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے کر رہاہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے نواز شریف سے ملاقات کے لئے جاتی امراء آمد پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ جاتی امرا میں بیٹھے شیر نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا۔ دو ایٹمی طاقتوں کے درمیان جنگیں نہیں ہوا کرتیں تباہی ہوا کرتی ہے۔ پاکستان پر جنگ مسلط کرنے کی کوشش کی گئی تو ہر صوبے کا بچہ بوڑھا جوان متحد ہے۔ ہم اپنی جنگ لڑنا جانتے ہیں لیکن جنگ کے لیے دعا نہیں کرنا چاہیے۔ بھارت کی جانب سے یہ سب گیدڑ بھبکیاں ہیں، عملاً قدم آگے نہیں بڑھا سکتا کیونکہ یہ پینسٹھ اور ستر کا دور نہیں ہے پاکستان ایٹمی طاقت ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ایٹمی طاقت ہونے پر اور اللہ کی ذات پر پورا بھروسہ ہے۔ مودی کی سیاست ہے کیونکہ الیکشن جیتنا ہے یہاں پر ایک شخص جھوٹے وعدے کر کے آیا ہے جس نے عوام کی توجہ مسائل سے ہٹانی ہے۔ بھاشا ڈیم بھی شروع ہی نواز شریف نے کیا ہے۔ میری حکومت نے وفاقی حکومت کے تعاون سے زمین لی سڑکیں بنائیں اور سٹرکچر بنایا۔ بھاشا ڈیم کے لیے ایک سو پچیس ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں جو نواز حکومت نے خرچ کیے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مزید تیرہ سو ملین چاہئیں اگر یہ وزیراعظم اور چیف جسٹس کے چندوں سے ممکن ہو سکیں تو ڈیم بن جائیگا۔

مزیدخبریں