لاہور ( این این آئی) پاکستان سمیت دنیا بھر میں ورلڈ ریبیز ڈے کل (جمعہ )28 ستمبر کو بھر پور طریقے سے منایاجائیگا۔ ریبیز جسے عرف عام میں بائولاپن بھی کہتے ہیں کے دن کے موقع پر خصوصی تقریبات ،واکس، کانفرنسز ، ورکشاپس، سیمینارز اور دیگر آگاہی پروگرامات کا انعقاد کیاجائیگا ۔ ماہرین طب نے بتایاکہ ریبیز بائولے کتے کے کاٹنے سے انسان میں پھیلنے والی ایک وائرل بیماری ہے جو دماغ کی سوجن کا سبب بنتی ہے ۔ گرم خون والے جانوروں اور کتوں میں پایاجانیوالا یہ وائرس زو نوٹک بیماری ہے ۔ یہ وائرس پالتو جانوروں سمیت جنگلی جانوروں و کتوں کے کاٹنے سے انسانوں میں منتقل ہو کر سنٹرل نروس سسٹم کو تباہ کر دیتاہے جس کے باعث دماغ کے کام چھوڑنے سے انسانی موت واقع ہو جاتی ہے۔