جسٹس انوارالحق نے بطور قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ حلف اٹھا لیا، پروٹوکول لینے سے انکار

Sep 27, 2018

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائی کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس انوارالحق نے بطور قائم مقام چیف جسٹس کا حلف اٹھا لیا قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے اس عہدہ کا پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ محمد یاور علی نجی دورہ پر ترکی روانہ ہوگئے۔ ان کی غیر موجودگی میں لاہور ہائیکورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس انوار الحق قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ بن گئے۔ قائم مقام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کی حلف برداری کی تقریب ججز لان میں ہوئی۔ لاہور ہائی کورٹ کے جج جسٹس سردار محمد شمیم خان نے ان سے حلف لیا۔ حلف برداری کی تقریب میں جسٹس مامون الرشید شیخ، جسٹس مظاہر علی اکبر نقوی، جسٹس محمد فرخ عرفان خان، جسٹس امیر بھٹی، جسٹس علی اکبرقریشی، جسٹس صداقت علی خان، جسٹس شہرام سرور چوہدری، جسٹس محمد قاسم، جسٹس عالیہ نیلم سمیت دیگر ججز نے شرکت کی۔ قائم مقام چیف جسٹس انوار الحق نے حلف اٹھانے کے بعد اضافی پروٹوکول لینے سے انکار کر دیا۔

مزیدخبریں