لاہور(وقائع نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے ٹریفک رولز پر عمل درآمد کے لیے دائر درخواست پر ٹریفک قوانین کی پابندی نہ کرنے والے تمام افراد کے خلاف بلا تفریق کارروائیاں جاری رکھتے ہوئے مال روڈ کے ساتھ اگلے ہفتے سے جیل روڈ پر بھی بغیر ہلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا چالان کرنے کا حکم دیدیا۔ لاہورہائیکورٹ کے جسٹس علی اکبر قریشی نے ایڈووکیٹ عبداللہ ملک کی درخواست پر سماعت کی عدالتی حکم پر چیف ٹریفک آفیسر لاہور کیپٹن(ر)لیاقت علی ملک لاہور ہائیکورٹ میں پیش ہوئے سی ٹی او لاہور نے شہر میں جاری حادثات سے بچاؤ مہم بارے رپورٹ پیش کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر مال روڈ پر بغیر ہیلمٹ کا داخلہ بند کیا گیا ہے دو دن میں مال روڈ پر 4778 بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو بھاری جرمانہ کیا گیا۔جبکہ مجموعی طور پر 22246 بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکلسٹ کو چالان ٹکٹ جاری کئے گئے ہیں سی ٹی او لاہور نے عدالت کو بتایا کہ عدالتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کرایا جا رہا ہے۔لاہور ہائیکورٹ نے قرار دیا کہ بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے پر پولیس اہلکاروں کیخلاف بھی سخت سے سخت کارروائی کی جائے، وکلاء ، صحافی سمیت تمام شہری اپنی حفاظت کیلئے ہیلمٹ پہنیں ۔فاضل عدالت نے کہا کہ مال روڈکے ساتھ جیل روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ سمیت اہم شاہراہوں پر بھی کارروائی جاری رکھی جائے ۔عدالت نے حکم دیا ہے کہ اگلے ہفتے سے جیل روڈ پر بھی بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کا داخلہ بند کیا جائے۔بنگلہ دیش میں بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل سواروں کو تیل نہیں دیا جاتا۔ عدالت نے پیمرا کے نمائندے کو روڈ سیفٹی پر اشتہار چلانے کی بھی ہدایت کردی۔
ہائیکورٹ کا اگلے ہفتے جیل روڈ پر بھی بغیر ہیلمٹ چالان کرنے کا حکم
Sep 27, 2018