نسلی امتیازاور قوم پرستی پر جسینڈا کی فکرمندی

Sep 27, 2019

وزیراعظم نیوزی لینڈ جسینڈا آرڈرن نے کہا ہے کہ دنیا کو کرائسٹ چرچ واقعے جیسے حالات کا سامنا ہے۔ خطے میں نسلی امتیاز کا سامنا ہے۔ قوم پرستی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ دنیا میں لوگوں کو امن کی ضرورت ہے۔
معاشرے میں نسل پرستی یا قوم پرستی دہشت گردی کی بنیاد بنتی ہے۔چونکہ نیوزی لینڈ نسلی امتیاز کی بنیاد پر ہونیوالی دہشت گردی بھگت چکا ہے اس لئے وزیراعظم جسینڈا نے قوم پرستی اور نسلی امتیاز کی طرف درست نشاندہی کی ہے جو عالمی برادری کیلئے لمحہ’ فکریہ ہونا چاہیے۔ اس وقت دنیا کو نسلی امتیاز کاسامنا اور قوم پرستی کا رجحان بڑھ رہا ہے۔ امریکہ میں بھی آئے روز نسلی امتیاز پر قتل و غارت گری ہوتی رہتی ہے جبکہ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں شدت پسندی اور قوم پرستی اپنے عروج پر ہے اور وہاں اقلیتوں کا جینا دوبھر کیا ہوا ہے بالخصوص مسلمان اقلیتوں کو گائے کا گوشت کھانے کے شبہ میں ہی قتل یا بدترین تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے جبکہ دوسری اقلیتوں کو جبراً ہندو مہذب اختیار کرنے کیلئے دبائو ڈالا جاتا ہے۔ بھارت کی یہ سوچ نسل انسانی کی تباہی کی نوبت لا رہی ہے۔ افسوس ناک امر یہ ہے کہ ہر دہشت گردی کا ناطہ مسلمانوں سے جوڑ دیا جاتا ہے حالانکہ دنیا بھر میں مسلمان ہی بدترین دہشت گردی کا شکار ہیں ‘ مقبوضہ کشمیر بھارتی دہشت گردی کا بین ثبوت ہے۔ ہر دہشت گردی کا تعلق مسلمانوں سے جوڑنے والوں کو نسلی امتیاز کے مضمرات پر بھی توجہ دینی چاہیے۔ نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسینڈا کی جانب سے نسلی امتیاز کیلئے فکرمندی انکی عالمی برادری بالخصوص انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کیلئے لمحہ فکریہ ہونا چاہیے کیونکہ وہ اپنے ملک میں نسلی امتیاز کے باعث بدترین دہشت گردی بھگت چکی ہیں ۔

مزیدخبریں