شہباز شریف کی عداوت میں کچی آبادیوں کے غریب مکینوں سے دشمنی ہو رہی ہے: مریم اورنگزیب

Sep 27, 2019

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) مریم اورنگزیب نے کچی آبادی کی زمین غریبوں کو مالکانہ حقوق پر دینے پر نیب کی شروع کردہ انکوائری کو ’نیا تماشا‘ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیب کو چاہئے کہ محمد خان جونیجو مرحوم کو بھی اس کیس میں شامل تفتیش کرلے کیونکہ کچی آبادیوں کو ریگولرائز کرنے کا کام انہوں نے شروع کیا تھا۔ نیب صرف ان کے خلاف مصروف عمل ہے جن کے نام کے ساتھ شریف آتا ہے۔ اچھا ہوتا چئیرمین نیب اجلاس میں بی آر ٹی کی کرپشن کا بھی نوٹس لیتے، نیب کو علیمہ باجی، پشاور میٹرو کے ایک کھرب کے کھڈے، ایتھنول اور جی آئی ڈی سی کے نام پر جہانگیر ترین کی جیب میں اربوں ڈالنے کا عمل دکھائی نہیں دے رہا۔ اسی وجہ سے نیب کا کال نوٹس مذاق بن چکا ہے۔ شہبازشریف کی دشمنی میں غریب کچی آبادی کے مکینوں سے دشمنی کی جارہی ہے جس سے ملحقہ 199 کنال اراضی پرویز الہی نے پہلے ہی مالکانہ حقوق پر غریبوں کو دے چکے ہیں۔ بدعنوانی حکمرانوں کے ذہنوں میں ہے، قانون کا مذاق اڑانا بند کریں۔ علاوہ ازیں مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ مفتاح اسماعیل اور عمران الحق پر وعدہ معاف گواہ بننے کیلئے دبائو ڈالا جا رہا ہے۔ تبدیلی حکومت جھوٹ بول کر کچھ ثابت نہیں کر سکتی۔ شہباز شریف نے ڈینگی بھی ختم کیا اب دس ہزار ڈینگی کے مریض ہیں۔ پاکستان کی تاریخ کی سب سے سستی بجلی نواز شریف نے عوام کو دی۔ انہوں نے کہا کہ یہ تبدیلی حکومت جھوٹ بول کر کچھ ثابت نہیں کرسکتی۔

مزیدخبریں