اپوزیشن ذاتیات کی سیاست سے باہر نکلے، عمران نے مسئلہ کشمیراجاگر کیا: اسلم اقبال

Sep 27, 2019

لاہور (کامرس رپورٹر) پنجا ب کے وزیر صنعت، تجارت و اطلاعات میاں اسلم اقبال نے گزشتہ روز لاہور ایکسپو سنٹر میں پاک چین جوائینٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور ای کامرس گیٹ وے کے اشتراک سے منعقدہ سہ روزہ انٹر نیشنل انجینئرنگ اینڈ مشینری ایگزیبیشن کا افتتاح کیا۔ افتتاحی تقریب سے میاں اسلم اقبال کے علاوہ ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام اور پاک چین جوائینٹ چیمبر کے سینئر نائب صدر احمد حسنین، ایگزیکٹو کمیٹی ممبر دائود احمد اور سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے خطاب کیا۔ تقریب میں بیلار س کے مسٹر آندرے ارمولووچ، ایڈیشنل سیکرٹری کامرس جاوید اکبر، ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستا ن کی ڈائریکٹر جنر ل ندرت حسین خان اور ڈائریکٹر جنرل این ایل سی اعزازی مہمانان کے طور پر شریک ہوئے۔ اس موقع پر میاں اسلم اقبال نے مہمان خصوصی کے طور پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت صوبہ میں کاروباری فضا کو سازگار بنانے کی خواہاں ہے اور اس سلسلے میں کاروباری برادری کو درپیش مسائل کو حل کرنے کیلئے سنجیدہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ صنعتکاروں کو نئی ٹیکنالوجی متعارف کوائیں گے۔ ای کامرس گیٹ وے کے صدر ڈاکٹر خورشید نظام نے اپنے خطاب میں بتا یا کہ ایگزیبشن میں 250 سٹالوں پر 200 سے زائد مصنوعات رکھی گئی ہیں جن میں بین الاقوامی انجینئرنگ انڈسٹری کی تقریبا َ تمام اشیا ء شامل ہیں۔ جبکہ بیلارس ، چین، جرمنی، اردن، متحدہ عرب امارات، جاپان اورآسٹریا سے 250 مندوبین اس نمائش میں شرکت کرنے پاکستان آئے ہوئے ہیں۔ قبل ازیں پاک چین جوائنٹ چیمبر کے سینئر نائب صدر احمد حسنین نے خطبہ استقبالیہ پیش کیا۔ میاں اسلم اقبال نے کہا ہے کہ وقت کا تقاضا ہے کہ اپوزیشن جماعتیں ذاتیات کی سیاست سے باہر نکل کر سوچیں یہ حقیقت ہے کہ اگر پیپلز پارٹی اور نواز لیگ نے اپنے ادوارحکومت میں کشمیر کمیٹی میں درست انداز میں کام کیا ہوتا تو آج وزیراعظم عمران خان اور ان کی ٹیم کو اتنی محنت نہ کرنا پڑتی۔ وزیراعظم نے مسئلہ کشمیر عالمی سطح پر اجاگر کیا۔ دریں اثناء وزیراطلاعات میاں اسلم اقبال نے مختلف صحافی تنظیموں کے نمائندوں پر مشتمل خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے یقین دلایاکہ پنجاب حکومت کارکن صحافیوں کے معاشی مسائل کے حل میں مکمل مددکرے گی۔ اجلاس میں ڈی جی پی آر ڈاکٹر محمد اسلم ڈوگر، ڈائریکٹر جنرل پی آئی ڈی سعید احمد شیخ، صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری، رانا محمدعظیم، شہزاد حسین بٹ، نعیم حنیف، عمران شیخ اور شوکت علی نے بھی شرکت کی۔

مزیدخبریں