لاہور(خصوصی نامہ نگار)جماعت اسلامی پاکستان کے نائب امیر اور مجلس قائمہ سیاسی ، پارلیمانی و قومی امور کے صدر لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں امریکی سفارت خانہ میں ایمبیسڈر پال ڈبلیو جانزکی جانب سے دیے گئے استقبالیہ میں شرکت کی ۔ لیاقت بلوچ نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ، سابق چیف جسٹس پاکستان سید تصدق جیلانی ، مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال ، پیر نقیب الرحمن ، کشمیر کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام سے بھی ملاقات کی ۔اس موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان حکومت ، ریاست اور خارجہ امور پر اپنے اسلوب اور اظہار خیال سے نااہلی ، ناکامی اور غیر ذمہ دارانہ لیڈر کے تاثر پر مہر تصدیق خود ثبت کر رہے ہیں ۔اگر پاکستان کے اندر سیاسی ، اقتصادی استحکام نہ ہو اور درپیش خطرات سے نمٹنے کے لیے قومی اتفاق رائے کی قومی پالیسی موجود نہ ہو تو خارجہ محاذ پر کوئی کوشش اور ملاقات نتیجہ خیز نہیں ہوسکتی ۔وزیراعظم عمران خان دورہ سمیٹ کر واپس آئیں اور قومی قیادت کے ساتھ سر جوڑ کر بیٹھیں ۔ قومی ترجیحات ، قومی پالیسی ، حکمت عملی پر قومی اتفاق رائے پیدا کریں ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں باون دن سے کرفیو لاک ڈائون نافذ ہے ۔ عالمی ادارے بے حسی ، گونگے بہرے اور اندھے بنے ہوئے ہیں ۔
عمران خان غیرذمہ دارانہ بیانات سے نااہلی کا ثبوت دے رہے ہیں:لیاقت بلوچ
Sep 27, 2019