اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) امریکہ نے بھارت کو سٹریٹجک پنجرے میں قید کر رکھا ہے، بھارتی حکمران اس پنجرے سے باہر نہیں نکلنا چاہتے، بھارت اور چین کی باہمی کشیدگی کے مابین پاکستان کے پاس موقع ہے کہ اپنے مواقع میں توسیع کرے، وطن عزیز کے حلقوں کو چاہیے کہ وہ آپشنز پر غور کریں جو واقعتا قابل عمل ہیں۔ ہمیں ان حالات میں ممکنات کی طرف جانا ہے، ناممکنات کی جانب پیش رفت کرنے سے صورتحال میں کوئی بہتری پیدا نہیں ہو سکتی۔ بھارتی حکمران فی الوقت خود کو سپر پاور ثابت کرنے کیلئے ہاتھ پائوں ماررہے ہیں حالانکہ خود بھارت کی علیحدگی پسند تحاریک زور پکڑتی جا رہی ہیں۔ چین بھارت کشیدگی سے فائدہ اٹھانے کا یہ پاکستان کے پاس بہترین موقع ہے۔ ان خیالات کا اظہار اسلام آباد پالیسی ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے سربراہ اور عالمی دفاعی امور کے ماہر بریگیڈیئر (ر) راشد ولی جنجوعہ نے نوائے وقت کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کیا ۔بریگیڈیئر (ر) راشد ولی جنجوعہ نے کہا کہ چین کبھی بھی توسیع پسندانہ قوت نہیں رہا ، تاہم وہ اپنی سرحدی خودمختاری پر بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کر ے گا۔ پاکستان کو چاہیے کہ مسائل کے حل کیلئے آر ایس ایس اور بی جے پی کے قائدین کو مذاکرات میں انگیج کرے، پاکستان اور بھارت دونوں ایسا راستہ تلاش کریں جس میں دونوں فریقین کیلئے صورتحال ’’وِن وِن‘‘ والی ہو اور کشمیریوں پر جاری بدترین مظالم میں کسی طریقے سے کوئی کمی واقع ہو سکے۔ اگر بھارت میںکسی طریقے سے بی جے پی اور کانگرس کو چھوڑ کر علاقائی جماعتوں پر مشتمل اتحاد وجود میں آ جائے تو وطن عزیز کے لئے ان نسبتاً اعتدال پسند عناصر سے بات کرنے میں آسانی رہے گی۔