چکوال(نامہ نگار ) صوبائی وزیر صحت پنجاب یاسمین راشد نے گزشتہ روز روز چکوال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف نے معاہدہ کی پاسداری نہیں کی اور باہر جا کر اپنی رپورٹس ہمیں نہیں بھجوائیں،انسانی ہمدردی کے تحت ان کو بھیجا گیا مگر انہوں نے باہر جا کر سیاست شروع کر دی ہے.ہم امید رکھتے تھے کہ وہ علاج کروا کر دو ماہ میں واپس آجائیں گے لیکن انہوں نے اپنا وعدہ پورا نہیں کیا اور ان کے بھائی شہباز شریف نے بھی جو ضمانت دی وہ بھی نہیں پوری کی گئی۔وہ چکوال میں پانچ سو بستروںکے ہسپتال کیلئے مختص کی جانے والی اراضی کے معائنے کے بعد اخبار نویسوں سے گفتگو کررہی تھیں۔ اس موقع پر صوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر سرفراز بھی ان کے ہمراہ تھے ۔ڈاکٹر یاسمین راشد نے مزید کہا کہ ادویات کی قیمتیں 2003 کے بعد نہیں بڑھائی گئیں. ادویات میں حالیہ اضافہ کوئی بہت بڑا اضافہ نہیں ہے۔ قبل ازیں انہوں نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کا بھی دورہ کیا اور مختلف وارڈز میں مریضوں کی خیریت دریافت کی۔
نواز شریف نے لندن جا کر اپنی رپورٹس ہمیں نہیں بھجوائیں،یاسمین راشد
Sep 27, 2020