اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں تنازعہ کشمیر کو اجاگر کرنے اور بھارتی مظالم کو بے نقاب کرنے پر نوجوان وزیراعظم عمران خان اور ترک صدر طیب اردوان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں،کشمیری پاکستان کے منتظر ہیں اور جارحانہ پالیسی اپنائے جانے کا انتظار کررہے ہیں، ان خیالات کا اظہار کشمیر یوتھ الائنس کے رہنماؤں سعد ارسلان صادق، ڈاکٹر سید مجاہد گیلانی، رضی طاہر، کاشف ظہیر، شائستہ صفی،نوید احمد،طہ منیب،ڈاکٹر اسامہ ظفر و دیگر نے اپنے مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان اور اس سے قبل ترکی کے صدر رجب طیب اردوان کے خطاب سے مظلوم کشمیریوں کو سفارتی مدد میسر آئی ہے۔ عمران خان نے مسئلہ کشمیرپر ایک مرتبہ پھر موثر اور پرجوش تقریر کی، لیکن بدقسمتی سے عالمی دنیا پر ان تقریروں کا کوئی اثر نہیں ہورہا اور کشمیر میں حالات مزید ابتر ہوتے جارہے ہیں، لاکھوں بھارتیوں کو ڈومیسائل دیئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ، اقوام متحدہ کی قرارداوں پر فوری عمل ضروری ہوگیا ہے۔ کشمیر یوتھ الائنس کی قیادت نے ترک صدر طیب اردوان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو بھرپور انداز میں اجاگر کرنے پر انہیں خراج تحسین پیش کیا۔ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترکی نے ہمیشہ مسئلہ کشمیر پر ایک مضبوط موقف اپنایا ہے اور مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور کشمیریوں کے موقف کی بھرپور حمایت کی ہے، مسئلہ کشمیر پر ترکی کے مضبوط موقف کو پوری پاکستانی قوم قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔