لاہور ( نوائے وقت رپورٹ+ نیٹ نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی جلیل شرقپوری نے نواز شریف کا بیانیہ مسترد کر دیا۔ سابق وزیراعظم کی طرف سے اے پی سی میں پاک فوج مخالف تقریرکرنے پر جلیل شرقپوری نے میاں نواز شریف پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حالیہ اے پی سی میں پاک فوج مخالف تقریر قومی مفاد کے سراسر خلاف ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھ سمیت محب الوطن پاکستانیوں کی کثیر تعداد ایسے منفی مؤقف سے اعلان برات کرتی ہے۔ افواجِ پاکستان ملکی سلامتی کی خاطر سرحدوں پر اپنا تن، من، دھن قربان کرنے پر تیار ہیں۔ لیگی ایم پی اے کا کہنا تھا نواز شریف کا بیان دشمن کو مضبوط کرنے کے مترادف ہے۔ ن لیگی قیادت نے اے پی سی کے فورم اور سوشل میڈیا کے ذریعے انڈیا اور مودی کی زبان بولی۔ ایسے ملک دشمن بیانات سے میرا اور دیگر کئی ن لیگی ارکانِ کا کوئی تعلق نہیں۔دریں اثناء مسلم لیگ ن نے جلیل احمد شرقپوری کی پارٹی رکنیت معطل کر دی جنرل سیکرٹری پنجاب اویس احمد لغاری نے شوکاز نوٹس جاری کر دیا رانا ثناء اللہ نے بتایا کہ لیگی ایم پی اے جلیل احمد شرقپوری سے سات روز میں جواب طلب کیا گیا ہے جواب نہ دیا تو پارٹی الیکشن کمشن سے رابطہ کرے گی پارٹی جلیل احمد شرقپوری کو ڈی سیٹ کرانے کیلئے کارروائی کرتے ہوئے ریفرنس دائر کرے گی ۔