اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) مسلم ہینڈز کے چیئر مین پیر سید لخت حسنین نے وفد کے ہمراہ یہاں وزیراعظم عمران خان سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔ جس میں وزیراعظم کو مسلم ہینڈز کی گزشتہ27سال سے جاری فلاحی سرگرمیوں اور مستقبل کے منصوبوں کے بارے میں بتایا گیا۔ وفد میں مسلم ہینڈز کے کنٹری ڈائریکٹر سید ضیا النور اور ڈائریکٹر آپریشنز اور انٹرنیشنل ایڈوائزر سید جاوید گیلانی بھی شامل تھے۔ چیئرمین مسلم ہینڈز نے وزیراعظم کو بتایا کہ مسلم ہینڈز 60سے زائد اضلاع میں تعلیم، صحت عامہ، پینے کے صاف پانی، روزگار، قدرتی آفات، ماحولیات اور یتیموں کی تعلیم کے شعبوں میں حکومت اور سماج کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہے جس کے ذریعے گزشتہ 27سال میں تین کروڑ ضرورت مند افراد مستفید ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے مسلم ہینڈز کی سرگرمیوں کو سراہا اور کہا کہ مسلم ہینڈز اپنی فلاحی سرگرمیوں کے حوالے سے دنیا بھر میں برٹش پاکستانیوں کی پہچان بن چکی ہے، بالخصوص یتیم بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے ساتھ بلوچستان میں پانی کی فراہمی کے لئے سولر واٹر پمپ کی تنصیب جیسے منصوبے خیراتی سرگرمیوں میں قابل تقلید مثال ہیں۔ وزیراعظم نے مسلم ہینڈز کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
وزیراعظم سے پیر لخت حسین کی قیادت میں مسلم ہینڈز کے وفد کی ملاقات
Sep 27, 2020