کراچی پیکج میں کوئی نئی چیز نہیں، وفاق اپنی کوتاہیوں کا بوجھ سندھ پر نہ ڈالے: مراد شاہ

Sep 27, 2020

کراچی (نوائے وقت رپورٹ + این این آئی) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ وفاق اپنی کوتاہیوں کا بوجھ سندھ حکومت پر نہ ڈالے، کراچی پیکج میں بہت سے منصوبوں پر پہلے ہی کام جاری ہے، صوبائی حکومت کراچی کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے منوڑہ بیچ روڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمندر کو آگے آنے سے روکنے کیلئے دیوار بنائی گئی، یہاں پر جاگنگ ٹریک بھی تعمیر کیا جا رہا ہے،  روڈ خراب ہونے کی وجہ سے منوڑہ پر سیاحوں نے آنا کم کر دیا تھا۔ مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ روڈ کی تعمیر اور دیگر سہولیات دینے سے یہ مصروف تفریح گاہ بن جائے گا، یہ ایک بہترین سکیم منوڑہ میں سیاحت کو فروغ دے گی۔ کیماڑی ضلع ایک ماڈل ضلع بنے گا، یہاں کا روڈ انفرا اسٹرکچر، پانی اور نکاسی کے نظام کو بہتر بنائیں گے۔وزیر اعلیٰ سندھ نے نئے تعمیر کئے گئے منوڑہ بیچ روڈ کا افتتاح کیا، روڈ کی افتتاحی تقریب قرآن پاک اور قومی ترانے سے شروع ہوئی۔ تقریب میں پاک نیوی کے سینئر حکام اور محکمہ بلدیات کے افسران شریک ہوئے۔ ایم این اے قادر پٹیل، چیئرمین پی اینڈ ڈی، کمشنر کراچی ، ایڈمنسٹریٹر کے ایم سی سمیت دیگر نے بھی شرکت کی۔ کراچی میں1113 ارب روپے کے پیکج میں زیادہ تر منصوبے جاری اور صوبائی حکومت کی مالی اعانت سے چل رہے ہیں۔ کراچی پیکج کوئی نئی چیز نہیں۔ زیادہ تر سکیمیں پہلے سے ہی جاری ہیں جن میں سندھ اور وفاقی حکومتوں کا حصہ ہے جیسا کہ کے۔ فور منصوبہ ہے جسکی تکمیل کیلئے مرکز کو منتقل کیا جا رہا ہے۔ انہیں یہ جان کر حیرت ہوئی ہے کہ شہر میں بجلی اور گیس کی بندش کیلئے وفاقی حکومت انکی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرا رہی ہے۔ وفاقی حکومت بجلی اور گیس پیدا کرنے اور تقسیم کار کمپنیوں کو کنٹرول کررہی ہے اور وہ بلا تعطل بجلی اور گیس کی فراہمی کے ذمہ دار ہیں۔ وفاقی حکومت اپنی نا اہلی کو چھپانے کیلئے صوبائی حکومت پر الزامات عائد کررہی ہے جو اس کیلئے کافی حیرت زدہ ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ یہ سڑک کاکاپیر سے وائی جنکشن تک 456.64  ملین روپے سے تعمیر کی گئی ہے۔

مزیدخبریں