شہباز شریف کا آئندہ الیکشن میں جیت کا دعویٰ دیوانے کا خواب: فیاض چوہان

لاہور (نیوز رپورٹر) ترجمان حکومت پنجاب فیاض الحسن چوہان نے راولپنڈی میں ورکرز کنونشن سے شہباز شریف کے خطاب پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ ہر وہ الیکشن جس میں ن لیگ کامیاب ہو اسے شفاف اور شکست سے دوچار ہونے والے ہر الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دینا ن لیگ کا وطیرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف حقائق کو توڑ مروڑ کر عوام اور بالخصوص اپنے ورکرز کو گمراہ کرنے کی روش چھوڑ دیں۔ پاکستان تحریکِ انصاف حالیہ کنٹونمنٹ بورڈز انتخابات میں واحد سیاسی جماعت تھی جس نے تمام صوبوں کے ووٹرز کا اعتماد حاصل کیا اور سب سے زیادہ آزاد امیدواران نے بھی پی ٹی آئی کی حمایت کا اعلان کیا۔ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے ایک سے زیادہ امیدواران ہونے کی وجہ سے ن لیگ جیتی۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا  شہباز شریف کے بیان کہ اقتدار میں ہوتے تو اب تک لاکھوں گھر بنا چکے ہوتے پر فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے چند ہزار گھر تو شہباز شریف ڈھنگ سے بنا نہیں سکے۔ انہوں نے کہا شہباز شریف کا 2023ء کے انتخابات میں جیت کا دعویٰ دیوانے کا خواب ہے۔  فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شوباز شریف اب سٹیج پر تھرتھرانے اور مائیک گرانے والی شعبدہ بازیاں چھوڑ دیں۔ اپوزیشن اگلے انتخابات میں بھی عبرتناک شکست کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھے۔

ای پیپر دی نیشن