ڈیرھ کروڑ گھرانوں کو کیش، ٹارگٹ سبسڈی ملے گی: اعجاز چوہدری

لاہور (فاخر ملک) تحریک انصاف نے مہنگائی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے  لگ بھگ ڈیڑھ کروڑ خاندانوں کو 260 ارب  روپے کیش سبسڈی  اور ٹارگٹ سبسڈی کی مد میں دینے کا فیصلہ کیا ہے۔  یہ کیش سبسڈی ان خاندانوں کو تحریک انصاف کے کفالت پروگرام کی مد میں دی جائے گی۔ جبکہ کیش سبسڈی 3 روزمرہ اشیاء چینی، آٹا اور گھی کی مد میں دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ چوتھی آئیٹم دالوں  کو بھی اس میں شامل کئے جانے کی توقع ہے۔ تاہم سبسڈی  کی رقم 300 ارب روپے کئے جانے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جاسکتا۔ یہ بات تحریک انصاف وسطی پنجاب کے صدر اور سینیٹر اعجاز احمد چودھری نے گزشتہ روز "نوائے وقت" کے نمائندہ سے گفتگو کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی وسطی پنجاب میں بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کی تیاریاں مکمل ہیں اور آج سے سرگرمیوں کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 70 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں رہتی ہے اور کسانوں اور کاشتکاروں کو تاریخ میں پہلی مرتبہ اپنی اجناس پر 1100 ارب روپے کا اضافی فائدہ پہنچا ہے۔ اس کی ایک وجہ گندم کی امدادی قیمت میں لگ بھگ تیس فیصد کا اضافہ ہے۔ گنے کے کسانوں اور کاشتکاروں کو بھی شوگر ملوں نے بروقت ادائیگی کی۔ انہوں نے کہا  20 فیصد تنخواہ دار افراد پر مہنگائی کا   دبائو ہے۔ جس کو زائل کرنے کے لئے ٹارگٹ سبسڈی دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے  272 قومی اسمبلی کے حلقوں میں 260 ارب روپے کیش ٹرانسفر ہونے سے ہر حلقہ میں 95 کروڑ کی امداد ملنے سے ان علاقون کے مہنگائی سے متاثرہ خاندانون کو ریلیف ملے گا۔

ای پیپر دی نیشن