لاہور (ندیم بسرا) انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بنائی جانیوالی قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی کیلئے مسلم لیگ ن نے سفارشات کی تیاری شروع کردی۔ مسلم لیگ ن کے سینیئر نائب صدر شاہد خافاق عباسی نے انتخابی عمل میں مداخلت کرنے والے کے خلاف آرٹیکل ’’6‘‘ لگانے کی تجویز پارٹی کے سامنے رکھ دی ہے۔ جبکہ ن لیگ کی انتخابی اصلاحات سے متعلق تجاویز کی منظوری پارٹی قائد مشاورت کے بعد دیں گے۔ تفصیلات کے مطابق ملک میں انتخابی اصلاحات کے معاملے پر بحث سیاسی حلقوں میں شدت سے جاری ہے۔ حکومت کا موقف ہے کہ انتخابی عمل کو صاف اور شفاف بنانے کے لئے ای وی ایم (الیکٹرانک ووٹنگ مشین) کا استعمال کیا جائے جس پر اپوزیشن کی سبھی جماعتوں کی جانب سے مخالفت سامنے آرہی ہے۔ اس کے ساتھ انتخابی عمل کو صاف، شفاف بنانے کے لئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے پارلیمانی کمیٹی بھی قائم کررکھی ہے، جس میںمسلم لیگ ن کے شاہد خاقان عباسی سمیت اپوزیشن کے اراکین شامل ہیں۔ اس حوالے سے ذرائع نے بتایا ہے کہ ن لیگ نے پارٹی کی سطح پر تجاویز کی تیاری شروع کردی ہے جس میں آئندہ انتخابات کو صاف اور شفاف بنانے کے لئے ریٹرننگ افسران، پولیس سمیت دیگر متعلقہ محکموں اور الیکشن کمیشن کو مزید مضبوط بنانے کے لئے تجاویز دی جائیں گی۔ ان تجاویز میںشاہد خاقان عباسی نے پارٹی کو اپنی ذاتی رائے دیتے ہوئے کہا ہے کہ ن لیگ انتخابی اصلاحات کیلئے جو تجاویز بھی دیں اس میں ایک یہ تجویز بھی شامل کی جائے کہ جو بھی سرکاری عہدیدار، افسر یا اہلکار انتخابی عمل کو متاثر کرنے کا ذمہ دار قرار پائے اس کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت کارروائی کی جائے۔
انتخابی اصلاحات، مسلم لیگ ن نے پارلیمانی کیمٹی کیلئے سفارشات کی تیاری شروع کردی
Sep 27, 2021