مقبوضہ بیت المقدس (نوائے وقت رپورٹ) اسرائیلی فوج نے مغربی کنارے پر اندھا دھند فائرنگ کرکے 5 فلسطینی نوجوانوں کو شہید کر دیا جبکہ متعدد نوجوانوں کوغیرقانونی طورپر حراست میں لیا گیا۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے مقبوضہ بیت المقدس کے نزدیک مغربی کنارے میں ایک گائوں پر چھاپہ مار کر کارروائی کی جس کے دوران فائرنگ کرکے احمد زہران‘ محمد حمیدان اور زکریا بدوان نامی نوجوانوں کو شہید کر دیا۔ اسی طرح اسرائیلی فوج نے جنوب مغربی گائوں برقن میں بھی ایک گھر پر چھاپہ مار کر نوجوان کو حراست میں لینے کے بعد ماورائے عدالت قتل کر دیا۔ شہید ہونے والے نوجوان کی شناخت 22 سالہ اسامہ کے نام سے ہوئی ہے۔ اسی علاقے میں ایک اور فلسطینی نوجوان کے شہید ہونے کی بھی اطلاع ہے۔ اسرائیلی فوج کی بربریت کے خلاف فلسطینیوں نے مظاہرے کئے۔ اسرائیل کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔
مغربی کنارا، اسرائیلی فوج کی وحشیانہ فائرنگ، 5 فلسطینی نوجوان شہید، متعدد گرفتار کرلئے
Sep 27, 2021