مستونگ (آئی این پی، نوائے وقت رپورٹ) مستونگ کے علاقے کانک میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کا مقامی سربراہ ممتاز عرف موٹا پہلوان مارا گیا۔ دہشتگرد ممتاز کے خلاف قتل کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ حکومت نے ممتاز کے سر کی قیمت 50 لاکھ مقررکر رکھی تھی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مستونگ کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم داعش کا صوبائی امیر ہلاک ہو گیا۔ ہلاک دہشت گرد کی شناخت ممتاز کے نام سے ہوئی ہے جو فورسز کے اہلکاروں اور شہریوں پر متعدد حملوں میں ملوث تھا۔ سکیورٹی فورسز کے کانک میں آپریشن کے دوران 3 گھنٹے تک فائرنگ کا مقابلہ جاری رہا۔ دہشت گرد کے قبضے سے اسلحے کی بھاری مقدار برآمد ہوئی۔ دریں اثناء بلوچستان کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشت گردوں نے حملہ کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ایف سی جوانوں کی جانب سے حملے کا بھرپور جواب دیا گیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی عرفان شہید اور 2 جوان زخمی ہوگئے۔ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک فوج دہشت گردوں کی بزدلانہ کارروائیاں ناکام بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ دہشت گردوں کو امن خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
مستونگ، آپریشن میں داعش کا صوبائی امیر ہلاک، مچھ حملہ ، سپاہی شہید، 2 جوان زخمی
Sep 27, 2021