اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کراچی کے ساحلی زون کو سی پیک میں شامل کرنا گیم چینجر ہے۔ ٹوئٹر پر پیغام میں انہوں نے کہا کہ شہر قائدکراچی کو دیگر ترقی یافتہ پورٹ سٹی کے برابر لائیں گے۔ کم آمدنی والوں کیلئے 20ہزارگھریلو یونٹس تیار کریں گے۔ ماہی گیروں کے لیے سمندر کو محفوظ بنائیں گے۔ ایک اور ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان نے تاجر خرم محمود کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہاکہ خرم محمود کی امریکہ میں رحلت کا سن کر نہایت رنجیدہ ہوں۔ وہ ایک کامیاب تاجر اور تحریک انصاف کے بے لوث سوشل میڈیا ایکٹیوسٹ تھے۔ وزیراعظم آج کراچی میں سرکلر ریلوے کے پہلے فیز کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ جو 18 سے 24 ماہ کی مدت میں مکمل کیا جائے گا۔ اس دوران وزیراعظم کراچی میں ارکان قومی اور صوبائی اسمبلی، پی ٹی آئی سندھ سٹرٹیجک کمیٹی سے ملاقات کریں گے۔ وزیراعظم سندھ کے حوالے سے اپنے اگلے دو سالہ لائحہ عمل کا بھی اعلان کریں گے۔ وزیراعظم گورنر ہائوس کراچی میں علمائے کرام سے ملاقات بھی کریں گے۔مزید برآں وزیراعظم عمران خان نے تخت بھائی میں بدھ مت کے قدیم مندر کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کر دیں۔ وزیراعظم نے ٹویٹ میں کہا کہ بدھ مت مندر کے قدیم آثار پاکستان کے گندھارا ورثے کا حصہ ہیں۔
کراچی کے ساحلی زون کو سی پیک میں شامل کرنا گیم چینجر: عمران
Sep 27, 2021