راولپنڈ ی ( اپنے سٹاف رپو رٹر سے )ترجمان حکومت پنجاب اور صوبائی وزیر جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے کنٹونمنٹ بورڈ کے علاوہ ہر الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیا ہے اور حقیقت یہ ہے کہ جیتنے والے الیکشن کو شفاف اور ہارنے پر دھاندلی زدہ کہنا ن لیگ کا وطیرہ ہے۔ اپنے ایک بیان میں فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ راولپنڈی میں پی ٹی آئی کے ایک سے زیادہ امیدواران ہونے کی وجہ سے ن لیگ جیتی اور سچ تو ہے کہ تین سال سے عوام ن لیگ کا گھسا پٹا بیانیہ سن سن کر تنگ آ چکے ہیں۔ شریف خاندان نے اپنے دور میں کچھ کیا ہوتا تو آج عوام انہیں واقعی سپورٹ کرتی۔ شہباز شریف کہتے ہیں وہ اقتدار میں ہوتے تو لاکھوں گھر بن چکے ہوتے حالانکہ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم کے چند ہزار گھر تو شہباز شریف ڈھنگ سے بنا نہیں سکے۔ شوباز شریف دور کا ہر میگا منصوبہ انہی کے دور میں آڈٹ میں ایکسپوز ہوا۔ فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ شہباز شریف کا 2023 کے انتخابات میں جیت کا دعویٰ دیوانے کا خواب ہے۔