ہیوی ویٹ باکسنگ پر برطانوی انتھونی جوشوا کی بادشاہت ختم 

Sep 27, 2021

لاہور(سپورٹس ڈیسک )ہیوی ویٹ باکسنگ پر انتھونی جوشوا کی بادشاہت ختم ہو گئی۔برطانوی ہیوی ویٹ چیمپئن انتھونی جوشوا کو ٹائٹل فائٹ میں یوکرین کے الیگزینڈر یوزیک کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ الیگزینڈر یوزیک نے فیورٹ انتھونی کو 12 راونڈز کے بعد شکست دی۔اس طرح انتھونی جوشوا انٹرنیشنل باکسنگ فیڈریشن، ورلڈ باکسنگ ایسوسی ایشن اور ورلڈ باکسنگ آرگنائزیشن کی تینوں ہیوی ویٹ بیلٹس سے محروم ہو گئے۔الیگزینڈر کے ہاتھوں غیر متوقع شکست نے جہاں انتھونی کو ان کے تینوں ٹائٹلز سے محروم کیا وہیں ان کی 46 ارب روپے مالیت کی میگا فائٹ پر بھی شکوک و شبہات پیدا ہو گئے ہیں۔اگر انتھونی جوشوا یہ فائٹ جیت جاتے تو وہ سابق چیمپئن ٹائسن فیوری کیساتھ سب سے مہنگی فائٹ کیلئے مضبوط امیدوار بن جاتے۔جوشوا تیسرے راونڈ میں زخمی ہوئے جس کے بعد وہ اپنی فارم برقرار نہ رکھ سکے۔ کروز ویٹ میں ناقابل شکست چیمپئن رہنے والے الیکزینڈر نے اپنی ویٹ کیٹیگری میں اضافے کے باوجود بھرپور طاقت اور پھرتی کا مظاہرہ کیا۔یہ انتھونی جوشوا کے ہیوی ویٹ کریئر کی دوسری شکست ہے۔ اس سے قبل انہیں 2019 ء میں اینڈی روئز جونیئر کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزیدخبریں