لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر آف کامرس اور گوادر کے سب سے بڑے نجی رہائشی منصوبے گرین پامز گوادر کے درمیان باہمی کاروباری تعاون کے لئے ایم او یو پر دستخط کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر طارق مصباح اور رفیع گروپ کے چیئرمین امتیاز بٹ نے ایم او یو پر دستخط کئے۔ ایم او یو کے مطابق لاہور چیمبر آف کامرس کے اراکین کو انٹر نیشنل سمارٹ پورٹ سٹی گوادر میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع مہیا کرنے کے لئے رفیع گروپ ‘ گرین پامز گوادر کا ایک بلاک مختص کرے گا۔ اس موقع پر طارق مصباح صدر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا کہنا تھا کہ گوادر کی عالمی تجارتی اہمیت کے حوالے سے تاجروں اور صنعتکاروں کی رہنمائی کرنے اور انہیں منافع بخش سرمایہ کاری کے مواقع مہیا کرنے پر گرین پامز ہاؤسنگ پراجیکٹ گوادر کی مینجمنٹ کے شکرگزار ہیں۔ گوادر علاقائی تجارت کو فروغ دینے اور پاکستان کی معاشی سرگرمیوں کی ترقی کے لئے انتہائی اہمیت اختیار کر چکا ہے۔ چیئرمین رفیع گروپ امتیاز رفیع بٹ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ رفیع گروپ اپنی روایات کے مطابق گوادر میں عالمی معیار کے رہائشی منصوبے کی تعمیر میں جدید رجحانات اور گوادر کی رہائشی و کاروباری ضروریات کو بطور خاص ملحوظ خاطر رکھ رہا ہے۔