گوجرہ: مبینہ ڈاکو کے ماورائے عدالت قتل پر ورثا کا احتجاج، ٹرینیں، ٹریفک معطل

گوجرہ+ٹوبہ ٹیک سنگھ (نامہ نگار) مبینہ ماورا عدالت قتل پر ورثاء کا احتجاج، نعش ریلوے پھاٹک پر رکھ کر ریلوے ٹریک اور شہر کی مین شاہرا پر تائر جلا کر ٹریفک کیلئے بند کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق چک نمبر 366ج ب کے رہائشی کاشف عرف کاشی کے ورثاء نے اس کے ماورا عدالت قتل پر اس کی نعش کو ریلوے پھاٹک پر رکھ کر احتجاج شروع کیا اور پھاٹک کو بند کر دیا گیا اور تائر جلا کر شہرکی مین شاہرا ٹریفک کیلئے بند کر دی۔ احتجاج سے دونوں اطراف کو جانے والی ٹرینیں سر سید ایکسپریس، شاہ حسین ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس سمیت دیگر ٹرینوں کی آمد رفت معطل ہوگئی۔ جنہیں مختلف ریلوے سٹیشنوں پر روک دیا گیا۔ جبکہ ٹریفک کی روانی بھی کئی گھنٹوں بری طرح سے متاثر ہوئی۔ جہاںمظاہرین نے ٹائروں کو آگ لگا کر ٹریفک بند کردی اور پولیس کے خلاف نعرہ بازی شروع کر دی۔ اطلاع ملتے ہی ڈی ایس پی گوجرہ و دیگر افسر بھاری نفری کے ہمراہ پہنچ گئے۔ رکن قومی اسمبلی چوہدری خالد جاوید وڑائچ، ڈی ایس ریلوے چوہدری شبیرحسین، ممبران امن کمیٹی چوہدری شاہد رسول وڑائچ، چوہدری منصور احمد بھنگو اور محمد سرفراز حسن بھی موقع پر پہنچے۔ ورثاء نے موقف اختیارکرتے ہوئے پولیس پر الزام عائدکیا ہے کہ پولیس نے کاشف عرف کاشی کوگھر سے گرفتار کر کے قتل کیا ہے۔ جس پر پولیس اور ورثاء کے مابین مذاکرات شروع ہوئے اور ورثاء نے پولیس کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کی یقین دہانی کے بعد اپنا احتجاج ختم کر دیا۔ پولیس نے مئوقف اختیارکرتے ہوئے کہا کہ کاشف مبینہ ڈکیتی مزاحمت پر ساتھی ڈاکو کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ہے۔ صدر پولیس گوجرہ نے دونوں ڈاکوئوں کے خلاف اقدام قتل اور ڈکیتی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا۔
گوجرہ احتجاج

ای پیپر دی نیشن