بھارت خطے میں دہشت گردوں کا سہولت کار، بھارت سے پاکستان میں امن واستحکام بر داشت نہیں ہورہا: گورنر پنجاب

 گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے بھارت کو خطے میں دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت سے پاکستان میں امن واستحکام بر داشت نہیں ہورہا ۔پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین افواج موجود ہے جو بھارت سمیت پاکستان کے ہر دشمن کے عزائم کو ناکام بنانے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔ گور نر ہائوس لاہور میں تحریک انصاف کے آزاد کشمیر سمیت مختلف اضلاع سے آنیوالے وفود سے گفتگو کے دوران گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی دہشت گرد افواج کے مظالم کی وجہ سے 95ہزار 843سے زائد کشمیری شہید ،22ہزار 930خواتین بیوہ اور1لاکھ سے زائد بچے یتیم ہو چکے ہیں مگر بدقسمتی سے اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی ادارے بھارتی افواج کی اس بدتر ین دہشتگردی پرخاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں ۔اُنہوں نے کہا کہ دنیا کو اب مزید تماشائی کا کردار ادا کر نے کی بجائے کشمیر میں بھارتی مظالم کا سخت نوٹس لینا ہوگا ورنہ تاریخ انسانیت کسی کو معاف نہیں کرے گی ۔ گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا کہ پاکستان کا پہلے دن سے یہ موقف ہے کہ خطے میں امن کے لیے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قرار داوں کے مطابق حل کر نا ہوگا اور جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا ,ا س وقت تک خطے میں امن کا قیام بھی ممکن نہیں ہوسکتا۔ اُنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کشمیریوں کے سفیر بن کر دنیا بھر میں کشمیر یوں کا مقدمہ لڑ رہے ہیں اور 22کروڑ پاکستانی اپنے کشمیری بہن بھائیوں کیساتھ ہیں اور کشمیر کی آزادی کے لیے پاکستان کسی بھی قر بانی سے دریغ نہیں کر یگا ۔گورنر پنجاب  نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ بھارت پاکستان میں امن کا سب سے بڑا دشمن ہے اور پاک چین دوستی کا عظیم منصوبہ سی پیک بھی بھارت کو برداشت نہیں ہورہا اس لیے وہ اس منصوبے کے خلاف بھی سازشیں کر نے سے باز نہیں آتا مگر انشا اللہ جیسے پاکستان نے پہلے بھارت کے تمام عزائم کو ناکام بنایا ہے اب بھی بھارت کو ناکامی کے سواکچھ نہیں ملے گا اورنہ صرف پاک چین دوستی قائم رہے گی بلکہ سی پیک کے تمام منصوبے بھی کامیابی کیساتھ مکمل ہوں گے ۔چوہدری محمدسرور نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان کے پاس دنیا کی بہتر ین  افواج موجود ہے جو پاکستان کے دشمنوں کو ہمیشہ ناکام بناتی ہے اور انشا اللہ آئندہ بھی پاکستان کے دشمن ناکام اور پاکستان کامیاب ہوگا.

ای پیپر دی نیشن