اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائی کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو نااہل قرار دیے جانے کی درخواست پر سماعت 11 اکتوبر تک بغیر کارروائی کے ملتوی کردی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر سماعت کی۔ پٹیشنر کے وکیل نے کہا ہم نے پٹیشن میں وفاق کا ذکر کیا مگر اس کو پارٹی نہیں بنایا تھا، اب متفرق درخواست کے ذریعے وفاق کو بھی فریق بنانا چاہتے ہیں۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ وفاق کو اس کیس میں فریق بنانے کی ضرورت کیا ہے؟۔ آج مرکزی کیس نہیں لگا ہوا کیونکہ کاز لسٹ کینسل ہو گئی تھی، صرف یہی متفرق درخواست عدالت کے سامنے اسے بھی آئندہ کیس کے ساتھ فکس کر دیتے ہیں۔ جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ فیصل واوڈا کیس بھی اسی نوعیت کا تھا، معاملہ الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، اس معاملے کو بھی وہاں کیوں نا بھجوائیں؟۔ اس سے پہلے درخواست کے قابل سماعت ہونے پر بھی مطمئن کرنا ہو گا۔ عمران اب پبلک آفس ہولڈر نہیں۔ جس پر وکیل نے کہا عمران کا استعفیٰ ابھی منظور نہیں ہوا۔ عدالت نے کہا عمران خان نے اپنا بیان حلفی الیکشن کمیشن کو دیا تھا، کیوں نا یہ معاملہ بھی الیکشن کمیشن کو ہی بھجوا دیں؟۔