لاہور (نوائے وقت رپورٹ) گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بطور چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں سیاسی پروگرام کے انعقاد کا نوٹس لے لیا۔ گورنر پنجاب محمد بلیغ الرحمان نے بطور چانسلر گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں سیاسی پروگرام کے انعقاد کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ ملک کے نامور تعلیمی ادارے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کو سیاسی اکھاڑہ بنانا افسوس ناک ہے، جامعات میں اس طرح کے سیاسی جلسوں کی گنجائش نہیں، بچے ہمارا مستقل اور قومی سرمایہ ہیں انہیں سیاست میں دھکیلنے کی کوئی گنجائش نہیں۔ دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے عمران خان کو گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں جلسے کی اجازت دیے جانے پر وی سی کیخلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔ پاکستان مسلم لیگ ن کی نائب صدر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں لکھا کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے وائس چانسلر (وی سی) کیخلاف فتنے (عمران خان) کو تعلیمی ادارے کے احاطے میں جلسے کے انعقاد کرنے پر سخت کارروائی کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی ادارے کو سیاسی نفرت پھیلانے کے لیے استعمال کرنا ایک ایسا جرم ہے جس کی سزا دی جانی چاہیے۔ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے بیان میں کہا ہے کہ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں بھی جو ہوا اس کی مذمت کیلئے الفاظ کم ہیں۔ بدقسمتی سے جی سی یونیورسٹی کو نفرت پھیلانے والے پی ٹی آئی لیڈر کیلئے سٹیج بنایا جا رہا ہے۔ متعلقہ حکام کو وی سی جی سی یونیورسٹی کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیدیا گیا۔ وائس چانسلر جی سی یو کو سزا دیئے بغیر نہیں رہیں گے۔ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر اصغر زیڈ نے کہا ہے کہ اس طرح کا ایونٹ پنجاب یونیورسٹی اور بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی میں ہو چکا ہے۔ ایسے ایونٹ ہونے چاہئیں۔ ہم نے وزیراعظم کو بھی کانووکیشن میں بلایا تھا۔ اگر وزیراعظم آ جاتے تو پھر بھی مسئلہ اٹھایا جاتا۔ عمران خان سے پہلے وزیراعظم کو دعوت دی تھی۔ حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں کو بلایا جاتا ہے۔ وزیراعظم نے جنرل اسمبلی میں نہ جانا ہوتا تو ہمارے کانووکیشن میں آتے۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے بیان میں کہا ہے کہ جی سی یونیورسٹی کو سیاسی اکھاڑے میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔ بحیثیت راوین مجھے اس پر بے حد دکھ پہنچا ہے۔ مادر علمی زہر آلود اور نفرت انگیز تقریر کی جگہ نہیں ہوتی۔ عمران نیازی کو جلسے کی اجازت دیکر تعلیمی ادارے کا تقدس پامال کیا گیا۔اسلام آباد (خبر نگار) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ مریم اورنگزیب مجھے آپ پر فخر ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ مریم اورنگزیب نے پی ٹی آئی کے حامیوں کی جانب سے ہراساں کیے جانے سے جس انداز میں نمٹا اس سے ان کی مہربانی ظاہر ہوتی ہے۔ مریم اورنگزیب اپنے پرسکون اور باوقار طرز عمل سے اس نے ہراساں کرنے والوں اور ان کے فروغ دینے والوں کے بدصورت چہرے کو بے نقاب کیا، انہوں نے مزید کہا کہ مریم اورنگزیب مجھے آپ پر فخر ہے۔