اسلام آباد (خبرنگار خصوصی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے) پاک فوج کا ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 2 پائلٹس سمیت ہیلی کاپٹر میں سوار پاک فوج کے 6 جوان شہید ہو گئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کا ہیلی کاپٹر کل رات بلوچستان کے علاقے ہرنائی کے قریب فلائنگ مشن کے دوران گر کر تباہ ہو گیا۔ حادثے میں شہید ہونے والوں میں پائلٹ میجر محمد منیب افضل، پائلٹ میجر خرم شہزاد شامل ہیں، دیگر عملے میں نائیک جلیل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی شعیب اور سپاہی محمد عمران شامل ہیں۔ میجر خرم شہزاد کی عمر 39 سال تھی اور ان کا تعلق اٹک سے تھا، انہوں نے سوگواروں میں بیوی اور ایک بیٹی چھوڑی ہے، شہداء میں شامل میجر محمد منیب افضل کی عمر 30 سال تھی، ان کا تعلق راولپنڈی سے تھا جبکہ انہوں نے ورثا میں دو بیٹے چھوڑے ہیں۔ افسوسناک حادثے میں شہید صوبیدار عبدالواحد کی عمر 44 سال تھی، وہ کرک کے گائوں صابر آباد کے رہائشی تھے، ان کے 3 بیٹے اور ایک بیٹی سمیت 4 بچے ہیں۔ شہید محمد عمران کی عمر 27 سال تھی، وہ مخدوم پور خانیوال کے رہائشی تھے، وہ 2 بیٹیوں اور ایک بیٹے کے باپ تھے۔ شہید نائیک جلیل کی عمر 30 سال تھی، وہ ضلع گجرات کے رہائشی تھے، ان کے 2 بچے ہیں، شہید سپاہی شعیب کی عمر 35 سال تھی اور وہ ضلع اٹک کے رہائشی تھے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل اگست میں بھی پاک فوج کے ایک ہیلی کاپٹر کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ میں حادثہ پیش آیا تھا جس میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔ بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے 6 جوانوں کی نماز جنازہ پیر کو کوئٹہ گیریژن بلوچستان میں ادا کردی گئی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق نماز جنازہ میں کور کمانڈر بلوچستان، اعلی سول و فوجی حکام نے شرکت کی۔ شہدا کے جسد خاکی ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیئے گئے جہاں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ان کی تدفین ہوگی۔ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثہ میں افسران و جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ہر مشکل اور آزمائش میں افواج پاکستان کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حادثہ میں جام شہادت نوش کرنے والے ملک و قوم کے محسن ہیں۔ پوری قوم اپنے شہداء کو ان کی عظیم قربانیوں پر سلام پیش کرتی ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے شہداء کے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے درجات کی بلندی کیلئے دعا کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہرنائی (بلوچستان) میں ہیلی کاپٹر حادثے میں افسران اور جوانوں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے ہرنائی بلوچستان میں ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 افسروں اور جوانوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے شہداء میجر خرم شہزاد، میجر محمد منیب افضل، صوبیدار عبدالواحد، سپاہی محمد عمران، نائیک جلیل اور سپاہی شعیب کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ وزیراعظم نے کہا کہ مادر وطن کے تحفظ، سلامتی اور دفاع کے لئے افواج پاکستان نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ قوم کو اپنے شہداء پر فخر ہے، یہ قربانیاں ناقابل فراموش ہیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی شہداء کے درجات بلندکرے اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے ہرنائی ہیلی کاپٹر حادثے میں پاک افواج کے افسروں اور اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے شہداء کی بلندی درجات اور اہلخانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔ وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثہ انتہائی المناک ہے۔ شہادتوں کی اطلاع پر دلی رنج ہوا۔ وطن کی حفاظت میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداء قوم کے محسن ہیں۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں وطن کے 6 بہادر بیٹوں کی شہادت جہاں دکھ و رنج کا باعث ہے وہیں فخر ہے کہ ہماری افواج کی محبت اور تجدید وفا کیلئے جان کا نذرانہ پیش کرنے کی روایت زندہ و پائندہ ہے۔ پیر کو اپنے ٹویٹ میں وزیر دفاع خواجہ محمدآصف نے کہا کہ زندہ قوم محسنوں کو یاد رکھتی ہے۔ اللہ ہم مراعات یافتہ طبقہ کو ذاتی اور گروہی مقاصد سے بالا ہو کر سوچنے کی توفیق دے، آمین۔ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے ہرنائی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہادتوں پر اظہار افسوس کیا ہے۔ عمران خان نے بیان میں کہا کہ ہیلی کاپٹر حادثے میں 6 جوان شہید ہونے کی خبر المناک ہے۔ میری دعائیں اور ہمدردیاں بہادر سپاہیوں کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ بلوچستان میں آرمی ہیلی کاپٹر حادثے میں چھ افسران اور جوانوں کی شہادت پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ ہرنائی حادثے میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کی شہادت پر نہایت دکھ اور افسوس ہوا۔ شہیدوں کے لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ اللہ تعالیٰ شہیدوں کے درجات بلند فرمائے اور سوگواران کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ بلوچستان میں فلائنگ مشن کے دوران ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجر محمد منیب افضل کی نماز جنازہ آرمی قبرستان راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق نماز جنازہ میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، سینئر حاضر سروس اور ریٹائرڈ فوجی اور سول حکام نے شرکت کی۔ شہید کے جسد خاکی کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔