وی سی ،ایم ڈی واسا سے ملز ایسوسی ایشن وفد کی ملاقات،سیوریج مسائل پرگفتگو

فیصل آباد(نمائندہ خصوصی) وائس چیئرمین واسا شیخ شاہد جاوید اور منیجنگ ڈائریکٹر واسا ابوبکر عمران سے آل پاکستان ٹیکسٹائل پروسیسنگ ملز ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کی جس میں شہر کے صنعتی علاقوں میں سیوریج سسٹم کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر منیجنگ ڈائریکٹرنے کہا کہ ایسا سسٹم قائم کرنا چاہتے ہیں جس میں کسی بھی صورت فیکٹریاں بند نہ کی جائیں جس کیلئے صنعتی یونٹس مالکان کے ساتھ مل کر موثر اور جامع پلان تشکیل دیا جائے گا۔ فیصل آباد کی انڈسٹری کو ایسا بنا رہے ہیں کہ وہ آزادانہ طور پر کام کر سکیں۔ اس سے واسا کے ریونیو میں اضافہ ہو گا جبکہ انڈسٹریز بھی اپنی فل کپسٹی میں آپریشنل رہیں گی جس سے ملکی معیشت بہتر ہو گی۔ صنعتی اداروں سے ملحقہ آبادیوں کے سیوریج مسائل کے حل کیلئے مشترکہ منصوبہ بندی کررہے ہیں جس میں ڈیزائن اور کنسلٹینسی واسا کرے گا جبکہ اخراجات صنعتی یونٹس مالکان اٹھا لیں توان مسائل کا مستقل حل نکل سکتا ہے جو کہ اولین ترجیح ہے۔وائس چیئرمین واسانے کہا کہ واسا حکام اور صنعتی یونٹس مالکان کی آج کی میٹنگ میں انڈسٹری کو درپیش مسائل کے حل کیلئے تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں طرف سے متعدد تجاویز بھی سامنے آئیں ہیں جن میں قابل عمل تجاویز پر کام کیا جائے گا۔اپٹپٹما کے نمائندے یاسر شاہ نے کہا کہ چینل فور میں ڈی سلٹنگ کا ایشو ہے جس پر ایم ڈی واسا نے چینل فور پر فوری طور پر ڈی سلٹنگ کرانے کی یقین دہانی کروائی ہے۔اس موقع پر واسا کے زیر انتظام عوامی شعور اجاگر کرنے کی مہمات میں اپٹپٹما کی جانب سے بھرپور معاونت کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی گئی۔ اپٹپٹما کے سیکرٹری محمد اشرف نے ایم ڈی واسا اور وائس چیئرمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے واضح کیا کہ جو بھی پالیسی شروع کی جائے اسے مکمل کیا جانا چاہیے،جلد ایم ڈی واسا اور وائس چیئرمین کو اپٹپٹما میں مدعو کریں گے جس میں تمام سیکٹرزکے نمائندے شریک ہونگے اور مل جل کر کام کرنے کیلئے آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...