لاہور( این این آئی )پاکستان نے چین کو پھلوں، گوشت اور دودھ سمیت غیر روایتی مصنوعات کی برآمدات میں مزید اضافے کے لئے کام شروع کر دیا ۔ ایک رپورٹ کے مطابق کورونا وباء کے دوران سفری پابندیوں کے باوجودگزشتہ تین سالوں میں چین کو پاکستان کی برآمدات تقریباً دوگنا ہو گئی ہیں۔ رواں سال کے پہلے آٹھ مہینوں میں چین کو پاکستان کی برآمدات 2.40 بلین ڈالر سے تجاوز کر گئیں جو کہ سال بہ سال 6.23 فیصد زیادہ ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان کے پاس اب بھی چین کو 3 بلین ڈالر کی ممکنہ برآمدات کی سپیس موجود ہے ۔بتایاگیا ہے کہ گزشتہ دو تین سالوں میں غیر روایتی پاکستانی مصنوعات جیسے بسکٹ، مٹھائیاں اور مشروبات بھی چین میں متعارف کرائے جارہے ہیں۔ جبکہ مینگو پلپ اور مینگو جوس کو بھی چینی مارکیٹ میں متعارف کرانے کی کوششیں شروع کر دی گئی ہیں۔