اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے) تحریک انصاف کے مرکزی سینئر نائب صدر فواد چودھری نے کہا ہے کہ امپورٹڈ حکومت آڈیو لیکس سے خوفزدہ ہے، اسی لئے خریدنا چاہتی ہے، چاہتے ہیں کہ آڈیو لیکس کے مواد کی غیر جانبدار تحقیقات ہوں، شہباز شریف کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، ہرنائی میں پاک فوج کے ہیلی کاپٹر حادثے میں جوانوں کی شہادت کا دلی افسوس ہوا، کے پی کے ہائوس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے پاک فوج کے جوانوں کی شہادت ملک کے لئے ایک بڑا سانحہ ہے، پاکستان تحریک انصاف جوانوں کی شہادت پر ان کے اہل خانہ اور پاک فوج سے اظہار افسوس کرتی ہے اور اللہ کریم ان کے اہل خانہ کو صبر عطا فرمائے۔ نوجوانوں کی شہادتوں کی بدولت پاکستان کی آزادی یقینی بن سکی۔ ہیلی کاپٹرز کے ٹیکنیکل حادثات میں اضافہ کیوں ہو رہا ہے۔ اس بات پر تشویش ہے، اس پر غور و فکر کی ضرورت ہے۔ وزیراعظم ہائوس کی 140 گھنٹے کی گفتگو منظرعام پر آ گئی، یہ گفتگو 20 اگست سے انٹرنیٹ پر موجود تھی، یہ گفتگو ڈارک ویب پر موجود تھی اور ہیکرز نے سیل پر لگائی ہوئی تھی، ہیکر نے اس گفتگو کا 3 لاکھ 45 ہزار ڈالر مانگا، ہماری ایجنسیوں کو اس معاملے کا پتہ ہی نہ چل سکا۔ آئی بی اس بارے میں متعلقہ ایجنسی ہے جس نے وزیراعظم ہائوس کے معاملات پر نظر رکھنی ہے، مگر اربوں روپیہ ایجنسیوں پر خرچ ہوتا ہے مگر وہ پھر بھی بے خبر ہیں۔ ہم اس سکیورٹی فیلیئر کی بھرپور مذمت کرتے ہیں۔ مریم اورنگزیب کے کہنے پر سیگریٹ انڈسٹری کو مراعات دی گئیں، مریم اورنگزیب کے خاوند دنیا کی بڑی تمباکو کمپنی کے مارکیٹنگ انچارچ ہیں، اہم وزراء کے بچوں کو پی ٹی سی اور دیگر کمپنیوں میں نوکریاں دی گئیں، سیگریٹ شعبے کو اربوں کی مراعات کے سکینڈل کو شہباز شریف نے آڈیو لیکس میں اعتراف کیا۔ مریم نواز نے اپنے داماد کے لئے بھارت سے مشنری لانے کی شہباز شریف سے التجا کی، ہندوستان سے تجارت کھولنے کی امپورٹڈ حکومت نے بہت سفارش کی۔ وزیراعظم شہباز شریف کیلئے آرٹیکل 62 اور 63 پر اب پورا اتر سکتے ہیں؟ کیا ان کو صادق و امین کہا جا سکتا ہے۔ مریم نواز اپنے داماد کے ذریعے میڈیا کنٹرول کر رہی ہیں، مریم نے تیل کی قیمت پر ٹویٹ کر کے دکھ کیا اور جب اپنے چچا کے سامنے بات کی تو کہتی ہیں کہ تیل کی قیمت کو ضرور بڑھانا ہو گا۔ مشرف کے معاملے پر بھی ان لوگوں کے مؤقف میں تضاد ہے۔ گرگٹ بھی اس طرح رنگ نہیں بدلتے جیسے شریف خاندان بدلتا ہے۔ ایک اور وائرل کلپ میں 4,5 وزیر بیٹھ کر بات کر رہے ہیں کہ الیکشن کمشن سے تحریک انصاف کے استعفے کب قبول کروانے ہیں، یہ فیصلے لندن سے ہو رہے ہیں اور نواز شریف کر رہے ہیں۔
فواد چودھری