اسٹاک ایکسچینج کا ڈیجیٹل  لسٹنگ کے عمل کا  آغاز



کراچی(کامرس رپورٹر) ایک انقلابی پیش رفت کے طور پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) نے ایک آن لائن پورٹل کے ذریعے لسٹنگ کے عمل کو ڈیجیٹل کیا ہے جسے پرائیڈ یعنی عوامی پیشکشوں کو ایک مربوط اور ڈیجیٹل تجربے کے ذریعے انقلابی شکل دی گئی ہے۔ آن لائن پورٹل فہرست سازی کے عمل کو ایک سرے سے آخر تک خودکار کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔پرائیڈکے ذریعے، لیڈ منیجر، مشیر یا کنسلٹنٹس ایکویٹی، قرض، میوچل فنڈز اور ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کی لسٹنگ کے لیے آن لائن درخواستیں اور دستاویزات جمع کرا سکتے ہیں۔ مزید برآں کمپنیوں یا کنسلٹنٹس کے ذریعے پرائیڈ کا استعمال ریورس انضمام یا رضاکارانہ ڈی لسٹنگ کے سلسلے میں بھی دستاویزات جمع کرانے کے لیے کیا جا سکتا ہے۔ پرائیڈکا سافٹ لانچ دسمبر 2021 میں کیا گیا تھا جس کے بعد پی ایس ایکس کی لسٹنگ اور آئی ٹی شعبوں نے کنسلٹنٹس، ایڈوائزرز اور لیڈ منیجرز سے حاصل ہونے والے تاثرات کی روشنی میں مزید بہتری کے لیے کام کیا۔ پرائیڈ پورٹل صارف کو بہتر تجربے کے لیے جدید اور اعلیٰ خصوصیات پیش کرتا ہے ۔پرائیڈ کے اجراء کے موقع پر پی ایس ایکس کے ایم ڈی اور سی ای او فرخ ایچ خان نے کہا، ''پرائڈ ڈیجیٹل اپروچ کے ذریعے سٹاک ایکسچینج میں سرمایہ حاصل کرنے اور لسٹنگ کے تجربے کو بڑھانے کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ اس اختراعی پورٹل کی افادیت اور اہمیت اس لحاظ سے کئی گنا زیادہ ہے کہ یہ لسٹنگ کی درخواستوں کو فائل کرنے، لسٹنگ کی درخواست کی آسان ٹریکنگ، اور ریکارڈ کو برقرار رکھنے کا ایک آسان طریقہ فراہم کرتا ہے، مزید برآں، ایس ای سی پی اور پی ایس ایکس دونوں اس پلیٹ فارم کو ایکویٹی اور ڈیٹ سیکیورٹیز جاری کرنے والوں کے ساتھ انکی منظوری کو شیئر کرنے کے لیے استعما ل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا، ''پاکستان اسٹاک ایکسچینج جدید ڈیجیٹل سہولت پرائیڈ پر بے پناہ فخر محسو س کرتی ہے کیونکہ یہ لسٹنگ کے عمل میں سہولت اور اسے آسان بنانے میں ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔ پرائیڈ مارکیٹ کے شرکاء کو بہترین ان کلاس ڈیجیٹل تجربہ فراہم کرنے میں فرنٹ لائن ریگولیٹر کے طور پر پی ایس ایکس کے عزم کی عکاسی کرتا ہے اور ایڈوائزروں اور کنسلٹنٹس کے لیے کاروبار میں آسانی میں معاونت کرتا ہے۔  

ای پیپر دی نیشن