اسلام آباد‘ لاہور‘ بیجنگ‘ ٹورنٹو (خبرنگار‘ شنہوا) نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (این آئی ایچ) نے کہا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران11 ہزار65 کرونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 55 افراد کے کرونا ٹیسٹ مثبت آئے اور مثبت کرونا ٹیسٹ کی شرح 0.50 فیصد رہی ہے۔ مزید برآں اس دوران کرونا وائرس سے کوئی بھی مریض جاں بحق نہیں ہوا جبکہ 73 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ اسی طرح سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مختلف شہروں میں کرونا ٹیسٹوں کے مطابق مثبت کیسز کی شرح کے لحاظ سے پشاور میں کئے گئے 506ٹیسٹوں میں سے 20افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں مثبت کیسز کی شرح3.95فیصد رہی، ایبٹ آباد میں 98 ٹیسٹوں میں سے 2افراد کے ٹیسٹ مثبت جبکہ وہاں مثبت کیسز کی شرح2.4فیصد رہی۔ اسی طرح سے بہاولپور میں کئے گئے 124ٹیسٹوں میں سے 2افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے اور وہاں شرح 1.61فیصد رہی۔ محکمہ صحت نے پنجاب میں 5 روز کے دوران 36 لاکھ بچوں کو کرونا ویکسین لگا دی۔ اس طرح ویکسینیشن کا 99.8 فیصد ہدف حاصل ہو گیا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق کووڈ ویکسینیشن کی 6 روزہ مہم کے دوران 5 روز میں لاہور میں 3 لاکھ 57 ہزار‘ راولپنڈی میں 1 لاکھ 52 ہزار اور ملتان میں 1 لاکھ 20 ہزار بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔ چھ روز مہم کے دوران 5 روز میں لاہور میں 3 لاکھ 57 ہزار‘ راولپنڈی میں ایک لاکھ 52 ہزار اور ملتان میں ایک لاکھ 20 ہزار بچوں کو ویکسین لگائی گئی۔ چھ روزہ مہم میں مجموعی طورپر 48 لاکھ بچوں کو کرونا ویکسین لگائی جائے گی۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ 5 روز میں ویکسینیشن کا 99.8 فیصد ہدف حاصل ہو گیا ہے۔ کینیڈا نے اکتوبر سے کرونا سے متعلق تمام سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔ حکومت نے اعلان کیا ہے کہ یکم اکتوبر سے کینیڈا میں کرونا کی تمام سرحدی‘ سفری پابندیاں ختم کی جا رہی ہیں۔ مسافروں پر کرونا ٹیسٹنگ‘ قرنطینہ اور ہیلتھ سرٹیفکیٹ پیش کرنے کی پابندی نہیں ہوگی۔ ہوائی جہازوں اور ٹرینوں میں ماسک پہانے کی پابندی نہیں ہوگی۔
کرونا