اسلام آباد(آئی این پی ) الیکشن کمیشن میں فریال تالپور نااہلی کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی، فریال تالپور کے وکیل کا کہنا ہے کہ آئندہ سماعت پر دلائل دوں گا، مزید وقت نہیں مانگا جائے گا۔ الیکشن کمیشن میں فریال تالپور کی نااہلی سے متعلق درخواست پر سماعت ممبر سندھ کی سربراہی میں تین رکنی الیکشن کمیشن نے کی۔ فریال تالپور کے وکیل فاروق ایچ نائیک کمیشن کے سامنے پیش ہوئے۔ وکیل فاروق ایچ نائیک نے موقف اختیار کیا کہ مجھے رات کو کیس کا پتہ چلا سپریم کورٹ چھوڑ کے یہاں آیا ہوں، نوٹس تاخیر سے ملا ہے لہذا اگلی تاریخ دی جائے،آئندہ سماعت پر دلائل دوں گا مزید وقت نہیں مانگوں گا۔ الیکشن کمیشن نے فریال تالپور کو جواب اور دلائل دینے کے لئے ایک ماہ کا وقت دیتے ہوئے کیس کی سماعت 27 اکتوبر تک ملتوی کردی ہے۔
فریال تالپور کیس