ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے پر سفر کرنیوالوں کی شکایات دور نہ ہوسکیں

Sep 27, 2022

اسلام آباد(محمد صلاح الدین خان)این ایچ اے کی عدم توجہ285  کلو میٹر طویل ہکلہ ڈیرہ اسماعیل خان موٹر وے 14پر سفر کرنے والے شہریوں کی شکایات دور نہ ہوسکیں ۔سہولیات کا فقدان ،پٹرول،اشیائے خوردونوش ودیگر اشیاء کی مہنگے داموں فروخت جاری شہریوں کی شکایات کے حوالے سے سینٹ کی قائمہ کمیٹی نے این ایچ اے حکام سے رپورٹ بھی  طلب کررکھی  ہے۔اس حوالے سے نیشنل ہائی وے اینڈ موٹر وے پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کو این ایچ اے مانیٹر کرتی ہے جلد بہتری آجائے گی ۔تفصیلات کے مطابق  شہریوں  خالد، نعیم مقبول نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہکلہ ڈی آئی کے موٹر وے پر پٹرول مقررہ ریٹ سے زائد میں فروخت کیا جاتا ہے ہر پمپ کے اپنے ریٹ ہیں تین سو سے پانچ سو روپے لیٹر تک بھی پٹرول فروخت کیا جارہا ہے جبکہ کھانے پینے کی چیزوں و دیگر اشیاء کے ریٹ بھی دگنے یا تگنے وصول کیے جارہے ہیں کوئی چیک اینڈ بیلنس نہیں زیادہ بات کریں تو دوکاندار لڑنے لگتے ہیں کہتے ہیں کہ چیزیں لینا ہوں تو لو وگر یہاں سے ہٹ جائوہمارے ریٹ یہی ہیں ہم چیزیں بڑی دور سے لاتے ہیں سستی فروخت نہیں کرسکتے جس کو مرضی شکایت کرو۔شہریوں کا کہنا تھا کہ 10سے 20روپے والے بسکٹ کا پیکٹ 50روپے میں اور پانی کی بڑی بوتل 200 روپے کی دی جارہی ہے جبکہ چائے کا کپ بھی سو ڈیڑھ سو روپے سے کم نہیں ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ متعلقہ حکام ان کی شکایات کا نوٹس لیں۔
 شکایات

مزیدخبریں