کلر سیداں (نامہ نگار) مسلم لیگ ن کلر سیداں سٹی کے جنرل سیکرٹری چوہدری زین العابدین عباس نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت یوٹرن لینے میں اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتی،جھوٹ بولنا عمران خان کی عادت بن چکا ہے۔عوام پاکستانی افواج کے بارے میں منفی مہم کو قطعی برداشت نہیں کریں گے۔پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے کی آئینی کوششوں پر عمران خان کا واویلا بلاجواز ہے۔انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان بنیادی طور پر آمرانہ سوچ رکھنے والا شخص ہے جو اقتدار جانے سے ہواس باختہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام اب فتنہ خان کی چالاکیوں سے آگاہ ہو چکے ہیں کیونکہ عوام جان چکے ہیں کہ اس وقت ملک میں انتشار پھیلا کر اور قوم کو آپس میں لڑا کر افراتفری پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کے سارے بیانیئے ناکام ثابت ہوئے ہیں اور اب وہ ملکی سلامتی کو داؤ پر لگارہے ہیں جبکہ مریم نواز شریف ہمیشہ عمران خان کا نشانہ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف جلد سیاست میں ہونگے،پانامہ اور غداری الزامات کے باوجود میاں نواز شریف عوام کے دلوں میں بستے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کا کسی بھی وقت دھڑن تختہ ہو سکتا ہے۔وزیر اعظم میاں شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر ایشو جاندار طریقے سے اٹھایا،انہوں نے کہا کہ اسحاق ڈار کی واپسی ملکی مفاد میں ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے ریاست بچانے کیلئے ملک کی باگ ڈور سنبھالی۔پی ڈی ایم کی قیادت ملکی معیشت کو درست سمت پر ڈالنے پر پر عزم ہے۔