چکوال(نامہ نگار) انجمن قصابان ضلع چکوال نے منڈی مویشیاں چکوال کا دن بدھ سے جمعرات کرنے پر شدید احتجاج کیا ہے۔ ضلعی صدر افتخار حسین ، سینئر نائب صدر محمد ریاض اور جنرل سیکرٹری شیخ محمود نے ڈپٹی کمشنر چکوال ڈاکٹر ذیشان حنیف کو تحریری درخواست دیتے ہوئے بتایا کہ لمپی سکن بیماری کی وجہ سے قصابان برادری انتہائی مشکل کا شکار ہے، عرصہ قدیم سے منگل اور بدھ بمطابق شیڈول دکانات بند ہوتی ہیں اور پانچ دن کاروبار ہوتا ہے۔ منڈی مویشیاں کا دن بدھ ہے مگر اب اسے تبدیل کر کے جمعرات کردیاگیا ہے۔ جس سے اب جمعرات کے دن بھی قصابوں کا ناغہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے قصاب مالی بدحالی کا شکار ہیں۔ تحریری درخواست میں بتایاگیا کہ منڈی مویشیاں شہر سے بہت دور ہے، عوام الناس کیلئے پینے کا پانی، مویشیوں کے پینے کیلئے پانی، چارہ و سایہ کا بندوبست کوئی نہیں اور لیٹرین کی سہولت بھی نہیں اور منڈی مویشی چکوال تمام سہولیات سے محروم ہے جبکہ ٹیکس زیادہ سے زیادہ وصول کیے جارہے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر نے یقین دلایا کہ وہ تحریری درخواست منظوری کیلئے پنجاب حکومت کو بھیج رہے ہیں۔