ٹیکسلا(نمائندہ نوائے وقت) ڈرگ انسپکٹر ٹیکسلا احمد علی خٹک نے کہا ہے کہ میڈیکل سٹور مالکان کے مسائل حل کرنا ہماری اولین قانونی ذمہ داری ہے اورتمام میڈیسن آوٹ لیٹس کو قانون کے دائرے میں لانے کیلئے کسی دباو کو خاطر میں نہیں لایا جائیگا اور جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا۔ان خیالات کااظہار انہوں نے گذشتہ روزٹیکسلا کے مقامی ہوٹل میں کیمسٹ اینڈ ڈرگسٹ ایسوسی ایشن ٹیکسلا کے زیر اہتمام ’’کیمسٹ برادری کو درپیش مسائل اور انکاحل‘‘ کے عنوان سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ سیمینارسے صدر ایسوسی ایشن حاجی محمدناصر خان‘ شکیل اختر راجپوت‘ شیخ قمر خورشید‘ شیخ مسعود انور‘ ملک محمد انیس‘ڈاکٹر شاد محمد‘ شعیب خان‘واجد عمران‘ زاہد خان بنگش‘زاہدمحمود‘نفیس احمد خان‘علیم اعوان‘اکبر خان بنگش‘لیاقت اور دیگر نے کیمسٹ برادری کی نمائندگی کرتے ہوئے خطاب کیا۔ احمد علی خٹک نے کہا کہ ٹیکسلا اور واہ کینٹ کی کیمسٹ برادری کے ہرجائز مسئلہ کے حل کیلئے میرے دفتر کے دروازے ہروقت کھلے ہیں، میڈیکل سٹور‘ فارمیسیزاور ڈسٹری بیوشن کیلئے لائسنسوں کے حصول کیلئے نہایت ہی آسان اور شفاف طریقہ کار متعارف کرادیا گیا ہے اب گھر بیٹھے لائسنس کے حصول یا تجدید کیلئے آن لائن اپلائی کیا جاسکتا ہے اور لائسنس کی مدت بھی دو سال سے بڑھا کر پانچ سال کردی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ تقرر وتبادلہ سرکاری ملازمت میں معمول کا حصہ ہے لیکن ڈرگ مافیا کے سامنے سرنگوں نہیں کیا جائے گا۔اس موقع پر ٹیکسلا کی کیمسٹ برادری کے نمائندوں نے ایک قرار داد کے ذریعے ڈرگ انسپکٹر احمد خان خٹک پر اپنے بھر پور اعتماد کا اظہا رکرتے ہوئے انہیں اپنے تعاون کا یقین دلایا۔کیمسٹ برادری کی جانب سے سے کئے گئے سوالات کے فرداََ فرداََ ڈرگ انسپکٹر نے اطمینان بخش جواب دئیے اور کہا کہ ہر جائز کاروبار کرنے والے کو عزت دی جائے گی اور ناجائز کام کرنے والوں کی جانب سے کوئی دباو ¿ یا سفارش قبول نہیں کی جائے گی۔
جعلی ادویات کی روک تھام کیلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیا جائیگا، احمد علی خٹک
Sep 27, 2022